علامہ ساجد علی نقوی کا شہید عارف الحسینیؒ کی برسی پر پیغام؛ "5 اگست تاریخ کا سیاہ دن، شہید قائد نے مظلوموں کی آواز بلند کی”

06 اگست, 2026 12:24

شیعیت نیوز : قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 5 اگست، قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی 38ویں برسی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جس روز قائد ملت جعفریہ علامہ عارف حسین الحسینی کو گولیوں کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ علامہ عارف حسین الحسینی کا تعلق مذہبی طبقے سے تھا، تاہم انہوں نے ایک نئی سوچ، فکر اور طرزِ عمل متعارف کرایا اور مظلوموں و محکوموں کے لیے بھرپور آواز بلند کی۔

علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ شہید قائد نے مارشل لاء کے دور میں عوام کو ان کے حقوق کا شعور دیا اور تمام مکاتبِ فکر کے عوام کو اتحاد، وحدت اور باہمی ہم آہنگی کا درس دیا۔ انہوں نے عملی طور پر اتحاد بین المسلمین کے لیے خدمات انجام دیں اور پاکستان کے مسلمانوں کو ایک لڑی میں پرونے کی بھرپور کوشش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید قائد کے پیروکاروں کو چاہیے کہ وہ ان کی شخصیت اور افکار کا گہرا مطالعہ کریں اور ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے امت مسلمہ کے مظلوم طبقات کے لیے آواز بلند کریں۔

یہ بھی پڑھیں: شہید عارف الحسینیؒ کی 38ویں برسی پر سکردو میں پروقار تعزیتی ریفرنس، مقررین کا مکتبِ امام خمینیؒ کو خراجِ تحسین

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ غزہ، فلسطین، لبنان اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت اور ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کے ساتھ پاکستان میں محروم و مظلوم طبقات کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھی جدوجہد جاری رکھی جائے۔ انہوں نے شہید قائد کے افکار کی روشنی میں فرقہ واریت کے خاتمے، طبقاتی تقسیم، بدعنوانی، بے راہ روی اور دیگر معاشرتی مسائل کے خاتمے کے لیے بھرپور جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ شہید قائد کے پیروکاروں کو مکمل عزم، جذبے اور استقامت کے ساتھ ان کے مشن کو آگے بڑھانا چاہیے۔

واضح رہے کہ شہید عارف الحسینیؒ کا مکتبِ فکر آج بھی یزیدی منافقین اور استکبار کی سازشوں کے خلاف محورِ مقاومت کا اہم ستون ہے، اور ان کے شاگرد آج پوری دنیا میں مظلومین کی حمایت اور استکبار کے خلاف جدوجہد میں پیش پیش ہیں۔

1:33 شام اگست 6, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔