شہید عارف الحسینیؒ نے پاکستان میں بیداری کی نئی لہر پیدا کی، انقلابِ اسلامی کے افکار کو روشناس کرایا: علامہ عارف حسین واحدی
شیعیت نیوز : شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے 5 اگست، قائدِ شہید حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید عارف حسین الحسینیؒ کی 38ویں برسی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ قائدِ شہیدؒ نے اپنے مختصر مگر انتہائی مؤثر دورِ قیادت میں ملتِ جعفریہ پاکستان میں بیداری کی ایک نئی لہر پیدا کی اور ملتِ تشیع کے دینی، ملی اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ شہیدؒ نے ہر محاذ پر جرأت، حکمت اور استقامت کے ساتھ قیادت کا حق ادا کیا اور ایک نازک فرقہ وارانہ ماحول میں اتحادِ بین المسلمین، اخوت، رواداری اور امتِ مسلمہ کی وحدت کا جامع تصور پیش کیا جو آج بھی مشعلِ راہ ہے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ قائدِ شہیدؒ کی شہادت نے پوری ملت کو غم میں مبتلا کر دیا، تاہم اللہ کا شکر ہے کہ ان کے بعد قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی صورت میں ملت کو ایسی قیادت عطا ہوئی جو استقامت، شعور اور اتحاد کے ساتھ ملت کی رہنمائی کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائدِ شہیدؒ نے پاکستان میں انقلابِ اسلامی اور نظریۂ ولایتِ فقیہ کو بھرپور انداز میں روشناس کرایا، اور امام خمینیؒ نے آپ کو پاکستان میں اپنا نمائندہ مقرر فرمایا۔
یہ بھی پڑھیں: شہید عارف الحسینیؒ کی 38ویں برسی پر سکردو میں پروقار تعزیتی ریفرنس، مقررین کا مکتبِ امام خمینیؒ کو خراجِ تحسین
مرکزی نائب صدر نے کہا کہ قائدِ شہیدؒ نے قوم میں سیاسی شعور بیدار کیا اور واضح کیا کہ دین سیاست کے بغیر نامکمل ہے۔ اسی فکر کی بنیاد پر آپ نے پاکستان میں ایک صالح، عادلانہ اور اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد کو اپنی تحریک کا بنیادی ہدف قرار دیا۔
واضح رہے کہ شہید عارف الحسینیؒ کا مکتبِ فکر آج بھی یزیدی منافقین اور استکبار کی سازشوں کے خلاف محورِ مقاومت کا اہم ستون ہے، اور ان کے شاگرد آج فلسطین، غزہ، یمن اور لبنان میں مظلومین کی حمایت اور استکبار کے خلاف جدوجہد میں پیش پیش ہیں۔







