اربعینِ حسینیؑ اب ایک عالمی تحریک کی صورت اختیار کر چکی ہے، علامہ افضل حیدری

03 اگست, 2026 12:16

شیعیت نیوز: حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر، ماڈل ٹاؤن لاہور کے مہتممِ اعلیٰ حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ محمد افضل حیدری نے اربعینِ حسینی کے موقع پر کہا ہے کہ اربعینؑ اب صرف ایک مذہبی اجتماع نہیں بلکہ محبتِ اہلِ بیتؑ اور مقصدِ کربلا کو فروغ دینے والی ایک عظیم عالمی تحریک بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کروڑوں زائرین کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ امام حسینؑ کا پیغام زمان و مکان کی حدود سے ماورا ہو چکا ہے۔ دنیا بھر سے مختلف زبانوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد خواتین اور بچوں کے ساتھ اس روحانی سفر میں شریک ہو کر اسلام کی حفاظت اور حق کی سربلندی کا جذبہ بیدار کر رہے ہیں۔

علامہ حیدری نے واضح کیا کہ اربعین کی یہ بڑھتی ہوئی تحریک باطل اور استکباری قوتوں کے لیے سنجیدہ چیلنج ہے۔ متعدد علماء کے نزدیک یہ عالمگیر تحریک حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور کے لیے زمین ہموار کرنے والے اہم عوامل میں سے ایک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اربعین حسینی محض اجتماع نہیں بلکہ امام حسینؑ کی حقانیت کا زندہ معجزہ ہے، حجۃ الاسلام تقی آغا

انہوں نے زور دیا کہ اربعین محض پیدل چلنے یا زیارت کا نام نہیں بلکہ یہ خود احتسابی، کردار سازی اور فکری تبدیلی کی تحریک ہے۔ زیارتِ اربعین میں امام حسینؑ سے کیے گئے عہدِ حق گوئی کو صرف زبان سے دہرانا کافی نہیں، بلکہ اسے اپنی عملی زندگی، معاملات اور طرزِ زندگی میں نمایاں کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر مومن کی ذمہ داری ہے کہ وہ دینِ اسلام کی حفاظت، عدل کے قیام، ظلم کی مخالفت اور انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائے۔ یہی اربعین کا حقیقی پیغام ہے اور یہی راستہ انسان کو اہلِ بیتؑ کی حقیقی پیروی تک پہنچاتا ہے۔ آخر میں انہوں نے زائرین کی عبادات کی قبولیت، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور امام مہدیؑ کے ظہور میں تعجیل کے لیے دعا کی۔

1:43 شام اگست 3, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔