اسلامی یونیورسٹی میں بین المسالک ہم آہنگی سیمینار، علامہ عارف حسین واحدی کا خصوصی خطاب
شیعیت نیوز : اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ادارۂ تحقیقاتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام بین المسالک ہم آہنگی کے موضوع پر ایک اہم علمی سیمینار منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء، محققین اور دانشوروں نے شرکت کی۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے رکن علامہ عارف حسین واحدی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے استحکام، قومی وحدت اور سماجی امن کے لیے بین المسالک ہم آہنگی ناگزیر ہے اور تمام مکاتبِ فکر کے علماء کو باہمی احترام، برداشت اور مکالمے کے ذریعے مشترکہ قومی و دینی مقاصد کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرنی چاہئیں۔
علامہ واحدی نے کہا کہ موجودہ حالات میں مذہبی و مسلکی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے اور علماء و دینی شخصیات کو معاشرے میں اتحاد، رواداری اور باہمی احترام کی فضا قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: چہلمِ سید الشہداءؑ کی تیاریاں جرم بن گئیں، ایم ڈبلیو ایم کے عہدیداروں کے گھروں پر ریڈ، صدر سمیت 4 گرفتار
سیمینار میں اسلامی یونیورسٹی کے صدر، ادارۂ تحقیقاتِ اسلامی کے سربراہ پروفیسر محمد اکرم، جامعۃ الکوثر کے علامہ شیخ فخرالدین سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے ممتاز علماء نے شرکت کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ بین المسالک مکالمے، باہمی تعاون اور رواداری کے ذریعے پاکستان میں امن، اتحادِ امت اور مذہبی ہم آہنگی کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔







