علامہ شبیر میثمی کا دوٹوک اعلان، پنجاب میں عزاداری پر پابندیاں قبول نہیں، نظربند عزاداروں کو فوری رہا کیا جائے

28 جولائی, 2026 23:01

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے واضح کیا ہے کہ پنجاب میں عزاداریِ سید الشہداء پر پابندیاں کسی صورت قبول نہیں اور مجالسِ عزا اور جلوسوں کے انعقاد میں ناروا رکاوٹیں فوری طور پر ختم کی جائیں۔

علامہ میثمی نے کہا کہ فورتھ شیڈول کا قانون ریاست مخالف عناصر کے لیے بنایا گیا تھا مگر اسے عزاداروں کو اذیت دینے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، اس بدنام زمانہ کالے قانون کے تحت گرفتار افراد کو باعزت بری کیا جائے اور نظربند عزاداروں کو فوری رہا کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مجلسِ عزا کے لیے ضمانتی بانڈز، مچلکوں کی پابندی اور نظربندی کی دھمکیاں فوری بند کی جائیں اور عزاداری کے جلوسوں کے لائسنسوں کا اجرا کھولا جائے۔

علامہ میثمی نے کہا کہ پنجاب میں نئی آبادیوں اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں دیگر مسالک کی طرح اہلِ تشیع کی مساجد اور امام بارگاہیں تعمیر کی جائیں اور تعمیر شدہ مساجد و امام بارگاہوں کا این او سی فوری جاری کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران نے کبھی جنگ مسلط نہیں کی لیکن حملہ آور کو معاف بھی نہیں کیا، آیت اللہ جوادی آملی

علامہ میثمی نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو عزاداری میں رکاوٹوں کے حوالے سے تین خطوط تحریر کیے گئے مگر کوئی جواب نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کا اربعین واک کی اجازت کا بیان ریکارڈ پر ہے مگر انتظامیہ دھمکا رہی ہے، یہ منافقت فوری ختم کی جائے اور پنجاب میں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عزاداری کو جرم قرار دینے کی پالیسی ترک کی جائے۔

12:16 صبح جولائی 29, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔