آرٹس کونسل کراچی میں "اردو شاعری میں صنفِ سلام” پر علمی نشست، آیت اللہ عقیل الغروی کا جامع لیکچر
سید عقیل الغروی
شیعیت نیوز : آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں "اردو شاعری میں صنفِ سلام” کے موضوع پر ایک علمی نشست منعقد ہوئی؛ جس میں علم و ادب کے شعبے سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں منعقدہ اس علمی نشست میں ممتاز عالم حجۃ الاسلام سید عقیل الغروی نے "اردو شاعری میں صنفِ سلام” کے موضوع پر ایک نہایت جامع، مدلل اور فکر انگیز لیکچر دیا۔
انہوں نے اُردو ادب میں صنفِ سلام کی تاریخی، ادبی اور فکری اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کے ارتقا، اسلوب اور اہلِ بیتِ اطہارؑ سے عقیدت کے اظہار میں اس کے منفرد کردار کو اجاگر کیا۔ شرکاء نے لیکچر کو بے حد علمی، معلوماتی اور بصیرت افروز قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں :
لیکچر کے اختتام پر معروف شاعرہ، ادیبہ اور دانشور ڈاکٹر فاطمہ حسن نے علامہ سید عقیل الغروی کو جوش ملیح آبادی لائبریری، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا دورہ کروایا۔
اس موقع پر انہیں لائبریری میں موجود ممتاز ادیبوں اور اہلِ علم کے ذاتی کتب خانوں، خصوصاً مشتاق احمد یوسفی، آصف فرخی، پروفیسر ممتاز حسین اور علی احمد تالپور کے قیمتی اور نادر کتابی ذخیرے کے بارے میں بریفننگ دی۔
علامہ سید عقیل الغروی نے لائبریری کے علمی و ادبی ماحول، نادر کتب کے ذخیرے اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور اس کے صدر محمد احمد شاہ کی علم و ادب کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو بے حد سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے اور ان کی مخلص قیادت علمی، ادبی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ میں نہایت اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ نشست اور بعد ازاں لائبریری کا دورہ شرکاء کے لیے ایک یادگار علمی و ادبی تجربہ ثابت ہوا۔







