سید ضیاء الحسن نجفی: رہبر شہید نے اپنی شہادت سے امت میں نئی روح پھونک دی
سید ضیاء الحسن نجفی
شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری حجت الاسلام والمسلمین سید ضیاء الحسن نجفی نے رہبر شہید کی تشییع اور نماز جنازہ کے سلسلہ میں اپنے ایران کے دورے کے دوران حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندہ سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ وہ حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر کے علماء کے وفد کے ہمراہ پاکستان سے رہبرِ شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای رحمۃ اللہ علیہ کی تشییع جنازہ میں شرکت کے لیے ایران آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رہبرِ شہید نے اپنی پوری زندگی امتِ مسلمہ کے اتحاد، بیداری اور استقامت کا پیغام دیا اور اپنی شہادت کے ذریعے بھی اسی پیغام کو مزید مؤثر بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ رہبرِ شہید اس صدی کی وہ عظیم شخصیت ہیں جن کے خون نے پوری امت میں ایک نئی روح پھونک دی۔ تہران سے لے کر نجف، کربلا اور دیگر شہروں تک لاکھوں افراد کی شرکت پر مشتمل تاریخی تشییع جنازہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ رہبرِ شہید آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ مختلف ممالک، نسلوں، مذاہب اور قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کا اس عظیم اجتماع میں شریک ہونا رہبرِ شہید سے بے مثال عقیدت، محبت اور وفاداری کی عکاسی کرتا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین سید ضیاء الحسن نجفی نے کہا کہ رہبرِ شہید نے اپنی عملی زندگی سے یہ درس دیا کہ انسان اپنی جان تو قربان کر سکتا ہے لیکن باطل اور ظالم طاقتوں کے سامنے سر نہیں جھکا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ یہی پیغام واقعۂ کربلا کا بھی ہے، جہاں حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزید کے مقابلے میں فرمایا: «مثلی لا یبایع مثلہ» یعنی مجھ جیسا تجھ جیسے کی بیعت نہیں کر سکتا۔
جنرل سیکرٹری وفاق المدارس الشیعہ پاکستان نے کہا کہ جو بھی کربلا کے اسباق کو اپنی زندگی میں نافذ کرتا ہے، وہ اپنی جان تو قربان کر سکتا ہے لیکن یزیدی عزائم کے سامنے ہرگز سر تسلیم خم نہیں کرتا۔
یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ یاسین موسوی: اربعین الٰہی تحریک ہے، ظلم و استعمار کے خلاف مزاحمت کی علامت ہے
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ رہبرِ شہید جسمانی طور پر امت کے درمیان موجود نہیں رہے لیکن ان کا منہج، ان کی فکر، مشن اور مقصد آج بھی مسلمانوں کے دلوں میں زندہ ہے اور وہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے اظہارِ یقین کیا کہ رہبرِ معظم حضرت آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای حفظہ اللہ اسی مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے امت کی رہنمائی جاری رکھیں گے۔
وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ آج کا ایران ماضی کے ایران سے بالکل مختلف اور زیادہ مضبوط، باوقار اور بااثر ملک بن چکا ہے۔ رہبرِ شہید نے اپنی شہادت کے ذریعے عالمی طاقتوں کے تمام اندازے بدل دیے اور ان قوتوں کو بھی پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کر دیا جو خود کو ناقابلِ شکست سمجھتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ آج جمہوریہ اسلامی ایران صرف امتِ مسلمہ ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے مظلوموں، محروموں اور مستضعفین کی آواز بن چکا ہے۔ فلسطین، غزہ، لبنان، عراق، شام، یمن، پاکستان اور دیگر مظلوم اقوام کے لیے رہبرِ شہید نے استقامت، عزت اور مقاومت کا ایک عملی نمونہ پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ رہبرِ شہید کی عظیم الشان تشییع جنازہ نے پوری امت میں نئی زندگی، نیا عزم اور نئی بیداری پیدا کر دی ہے۔
انہوں نے آخر میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جمہوریہ اسلامی ایران کو مزید ترقی، استحکام اور عزت عطا فرمائے، اسے دشمنوں کے شر سے محفوظ رکھے اور امتِ مسلمہ کو رہبرِ شہید کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور اسی راستے میں امت کی بقا، عزت اور کامیابی مضمر ہے۔







