کتائب سید الشہداء: زائرینِ اربعین پر حملہ امریکہ و صہیونی دہشت گردی ہے
کتائب سید الشہداء
شیعیت نیوز : عراق کی مقاومتی تنظیم کتائب سید الشہداءؑ کے اسلامی جمہوریہ ایران میں قائم دفتر نے ایک شدید الفاظ پر مشتمل بیان میں زائرینِ اربعین کو نشانہ بنانے کے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے امریکہ اور صہیونی حکومت کی "دہشت گردانہ کارروائی” قرار دیا ہے۔
تنظیم نے کہا ہے کہ نہتے زائرین پر حملہ بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق اور انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی ہے اور اس کے ذمہ دار اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔
بیان میں شہید ہونے والے زائرین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ، ملتِ ایران، رہبر معظم انقلاب اور تمام محبانِ اہل بیتؑ سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔ تنظیم نے کہا کہ یہ شہداء راہِ حق کے مسافر ہیں اور ان کا خون مزاحمت کے جذبے کو مزید مضبوط کرے گا۔
کتائب سید الشہداءؑ نے دعویٰ کیا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی میدان میں مسلسل ناکامیوں کے بعد اب بے گناہ شہریوں اور زائرین کو نشانہ بنا رہے ہیں، جو ان کی مایوسی اور کمزوری کا ثبوت ہے۔ بیان کے مطابق اربعین حسینی آج ایک عالمی تحریک اور بیداری کی علامت بن چکی ہے، جس سے دشمن خوفزدہ ہے، اسی لیے وہ اس عظیم اجتماع کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جنگ بندی کی کوئی بات چیت نہیں، آبنائے ہرمز بدستور ایران کے کنٹرول میں ہے، ایران
تنظیم نے زور دے کر کہا کہ زائرینِ امام حسینؑ صرف عشقِ اہل بیتؑ کے جذبے سے کربلا کا رخ کرتے ہیں اور ان پر حملہ پوری امتِ مسلمہ کے جذبات پر حملہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ دشمن یہ سمجھتا ہے کہ زائرین کا خون بہا کر اربعین کی عظمت کو کم کیا جا سکتا ہے، لیکن اس طرح کے اقدامات اس تحریک کو مزید طاقت اور استحکام عطا کریں گے۔
کتائب سید الشہداءؑ نے اپنے بیان کے اختتام پر خبردار کیا کہ نہتے زائرین کے خلاف ہونے والے جرائم ہرگز بے سزا نہیں رہیں گے۔ تنظیم نے کہا کہ اس حملے کے منصوبہ سازوں اور ذمہ داروں کو اپنے اقدامات کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے اور شہداء کے خون کا انتقام مزاحمتی محاذ کے عزم کو مزید مضبوط بنائے گا۔







