تکفیری قوتوں نے ہمیشہ پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے، علامہ اشفاق وحیدی

25 جولائی, 2026 22:26

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما اور اوسپاک انٹرفیتھ بورڈ کے چیئرمین علامہ اشفاق وحیدی نے کہا کہ ملک میں امن و امان کا قیام تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شرپسند اور تکفیری فکر کی حامل قوتوں نے ہمیشہ پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے، تاہم استحکامِ پاکستان کے لیے پاکستان آرمی کی خدمات اور کوششیں قابلِ قدر ہیں۔

علامہ اشفاق وحیدی نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی آمد کے موقع پر اتحاد، وحدت، اخوت اور بھائی چارے کا پیغام معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچانے کی ضرورت ہے تاکہ قومی یکجہتی کو مزید فروغ مل سکے۔

یہ بھی پڑھیں : کالعدم سپاہ صحابہ کے دہشت گردوں کا سپینہ ویلہ پولیس چوکی پر حملہ

انہوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روز بروز مہنگائی نے عام شہری کی زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو خوشحال زندگی فراہم کرنے کے لیے مؤثر معاشی پالیسیاں مرتب کی جائیں اور مہنگائی و بے روزگاری کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

علامہ اشفاق وحیدی نے اربعین واک کے سلسلے میں انتظامیہ پر زور دیا کہ عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں، ماتمیوں اور بانیانِ مجالس کے خلاف درج کیے گئے بے بنیاد مقدمات کو صوبائی حکومتیں فوری طور پر ختم کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تفرقہ بازی، فرقہ واریت اور دہشت گردی ملک کے لیے ناسور ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ چہلم حضرت امام حسینؑ سے قبل پاکستان آرمی کی نگرانی میں ملک کے تمام چھوٹے اور بڑے شہروں میں سرچ آپریشن کیا جائے تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

11:28 شام جولائی 25, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔