لاڑکانہ میں متنازع بورڈ کے معاملے پر ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس
شیعیت نیوز : اجلاس ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ منظور احمد چانڈیو کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں ایس ایس پی چوہدری احمد فیصل سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں متنازع بورڈ پر درج عبارت کے حوالے سے دونوں فریقوں نے اپنے اپنے مؤقف اور دلائل پیش کیے۔
شیعہ فریق کی نمائندگی تین رکنی کمیٹی نے کی جس میں سید شاہد حسین شاہ، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ ریاض حسین الحسینی اور سید نور حسین شاہ شامل تھے۔ اس کے علاوہ مولانا ڈاکٹر فرمان علی معصومی، مولانا ظہور حسین روحانی، مولانا مشتاق حسین مشہدی، مولانا مظہر حسین عابدی، مولانا ناصر مہدی و دیگر بھی موجود تھے۔ کمیٹی نے آئینی، قانونی، دینی اور تاریخی دلائل کی روشنی میں اپنا مؤقف پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : اربعین زائرین کے لیے ایران کی طبی خدمات: 202 مراکز فعال
اجلاس میں موجود افراد کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے معاملے کو مکمل طور پر قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ تمام فریقوں نے بھی امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور قانونی طریقہ کار پر اعتماد کا اعادہ کیا۔
شیعہ کمیٹی کے اراکین نے اجلاس کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ انہیں اپنے پیش کردہ مؤقف پر مکمل اطمینان ہے اور انہیں امید ہے کہ متعلقہ حکام آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے عوام، بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے پر سوشل میڈیا استعمال کرتے ہوئے ذمہ داری، صبر اور احتیاط کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیز یا غیر مصدقہ معلومات کی تشہیر سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی اس معاملے کا جائزہ لے رہی ہے، جبکہ حتمی فیصلہ متعلقہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سنائے جانے کی توقع ہے۔







