علامہ سید ساجد علی نقوی کا حضرت عمار بن یاسر علیہ السلام کی شہادت پر پیغام

24 جولائی, 2026 10:53

شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے حضرت عمار بن یاسر علیہ السلام کی شہادت (37 ہجری) کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت عمار بن یاسر اسلام کے اولین اور عظیم ترین صحابۂ کرام میں شمار ہوتے ہیں۔

اسلام قبول کرنے کی پاداش میں انہیں اور ان کے والدین کو سخت ترین آزمائشوں اور ہولناک مظالم کا سامنا کرنا پڑا۔ جب مشرکین مکہ حضرت عمار اور ان کے والدین کو تپتی ریت پر اذیت دیتے تھے تو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے تھے: "صبر کرو آل یاسر! تمہارے لیے جنت کا وعدہ ہے۔” انہی مظالم کے دوران حضرت عمار کی والدہ نے جامِ شہادت نوش کیا۔

رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت عمار بن یاسر کی عظمت و فضیلت بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: "عمار سر سے پاؤں تک ایمان سے بھرے ہوئے ہیں۔”

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ حضرت عمار بن یاسر علیہ السلام کو جانشین رسول خدا، حضرت امیرالمؤمنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام سے بے پناہ محبت و عقیدت تھی۔ انہوں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ہجرت کی اور غزوۂ بدر، احد، خندق سمیت دیگر اہم معرکوں میں بھرپور شرکت کی۔ اپنی دیانت، اخلاص اور شجاعت کے باعث وہ صحابۂ کرام میں منفرد مقام رکھتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : واشنگٹن کا ایجنڈا، اسلام آباد کی پھانسی: پاکستان امریکی منصوبوں کا قابل اعتماد ٹھیکیدار

حضرت عمار بن یاسر علیہ السلام 37 ہجری میں جنگ صفین کے دوران تقریباً نوے برس کی عمر میں حضرت امیرالمؤمنین علی علیہ السلام کے لشکر میں لڑتے ہوئے شہید ہوئے اور اس طرح رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیشین گوئی سچ ثابت ہوئی۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ حضرت عمار بن یاسر علیہ السلام کی پوری زندگی ایمان، استقامت، قربانی اور حق پر ثابت قدمی کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے ظلم کے سامنے کبھی سر نہیں جھکایا اور آخر دم تک حق کا علم بلند رکھا، جو رہتی دنیا تک حق کے متلاشیوں کے لیے مینارۂ نور کی حیثیت رکھتا ہے۔

12:23 شام جولائی 24, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔