اگر رہبرِ شہید کی تشییع ہندوستان یا پاکستان میں ہوتی تو وہاں بھی لاکھوں افراد شریک ہوتے: آیت اللہ فقیہی

11 جولائی, 2026 10:14

شیعیت نیوز : جامعۂ مدرسین حوزۂ علمیہ قم کے رکن آیت اللہ محسن فقیہی نے ایک پیغام میں رہبرِ شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ شہید خامنہ ایؒ کے جنازے میں عراقی عوام کی تاریخی شرکت پر حکومت اور عراقی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں قرآن کریم کی آیت "إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ سَيَجْعَلُ لَهُمُ الرَّحْمَٰنُ وُدًّا” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اہلِ ایمان اور نیک عمل کرنے والوں کی محبت لوگوں کے دلوں میں پیدا کر دیتا ہے۔

آیت اللہ فقیہی نے عراق کو ایمان، وفاداری اور جوانمردی کی سرزمین قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس عظیم الشان تشییع میں شریک ہونے کی سعادت حاصل ہوئی، جہاں امتِ مسلمہ نے ایک ایسے رہبر کو خراجِ عقیدت پیش کیا جو جہاد، استقامت اور آزادی کی علامت تھا۔

انہوں نے کہا کہ عراقی عوام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ حق کے وفادار ہیں اور مظلوم کا ساتھ دینا ان کی دینی اور اخلاقی شناخت ہے۔ ان کے بقول، یہ تاریخی تشییع اسلامی وحدت اور ایمانی اخوت کا زندہ مظہر تھی، جو قومیت اور جغرافیائی سرحدوں سے بالاتر ہو کر حق و عدالت کے محور پر امت کو متحد کرتی ہے۔

جامعۂ مدرسین کے رکن نے کہا کہ علما، فضلا، قبائلی عمائدین، نوجوانوں اور خواتین سمیت عراقی معاشرے کے تمام طبقات کی وسیع شرکت نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ عراق وفاداری کی سرزمین ہے اور اس کے عوام آزادی اور عزت کا پرچم بلند کرنے والوں کو کبھی فراموش نہیں کرتے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ کے ساتھ صلح کا کوئی سوال ہی نہیں، سید علی خمینی

انہوں نے نجف اشرف کی مرجعیت اعلیٰ، حوزۂ علمیہ نجف اور تمام سیاسی و قومی حلقوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان سب نے اس تاریخی تشییع کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور اللہ تعالیٰ انہیں اس خدمت کا بہترین اجر عطا فرمائے۔

آیت اللہ فقیہی نے مزید کہا کہ یہ عظیم اجتماع اس حقیقت کا بھی عکاس ہے کہ اگر دیگر اسلامی ممالک، خصوصاً بھارت، پاکستان اور دوسرے ممالک میں حالات سازگار ہوتے تو وہاں بھی لاکھوں افراد اس عظیم شہید کو الوداع کہنے کے لیے شریک ہوتے، کیونکہ رہبرِ شہید آزادی، عزت اور استقلال کی ایسی آواز تھے جو سرحدوں سے ماورا ہر آزاد انسان کے دل میں جگہ رکھتی ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس عظیم واقعے کو امتِ مسلمہ کے لیے خیر، اتحاد اور عزت کا نقطۂ آغاز قرار دے، عراق اور ایران کی ترقی، استحکام اور سربلندی میں اضافہ فرمائے، دونوں ممالک کے عوام کو ہر آفت سے محفوظ رکھے اور پوری امتِ مسلمہ کو روشن اور باوقار مستقبل عطا فرمائے۔

11:23 صبح جولائی 11, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔