4 محرم الحرام: ابن زیاد ملعون کا خطاب، چار بڑے فوجی دستوں کا عمر بن سعد کے لشکر میں شمولیت
شیعیت نیوز : 4 محرم الحرام 61 ہجری کو عبیداللہ بن زیاد ملعون نے اہل کوفہ کو مسجد میں جمع کرکے ایک اہم خطاب کیا۔ اس نے اپنی تقریر میں لوگوں کو امام حسین علیہ السلام کے خلاف جنگ میں شرکت پر آمادہ کیا اور اس مقصد کے لیے انہیں مختلف ترغیبات دیں۔ اس کے نتیجے میں تیرہ ہزار افراد پر مشتمل چار بڑے فوجی دستے عمر بن سعد کے لشکر میں شامل ہوئے:
- شمر بن ذی الجوشن چار ہزار سپاہیوں کے ساتھ؛
- یزید بن رکاب کلبی دو ہزار سپاہیوں کے ساتھ؛
- حصین بن نمیر چار ہزار سپاہیوں کے ساتھ؛
- مضایر بن رہینہ مازنی تین ہزار سپاہیوں کے ساتھ۔
یہ بھی پڑھیں : حضرت امام حسینؑ کی قربانی عظیم تر ہے، دین اسلام کو زندہ و جاوید کیا، علامہ سید حسن ظفر نقوی
اسی روز عمر بن سعد نے عبیداللہ بن زیاد کو ایک خط لکھا، جس میں اس نے تحریر کیا کہ امام حسین علیہ السلام نے کہا ہے کہ اہل کوفہ نے انہیں خطوط لکھ کر بلایا تھا۔ اگر اب ان کی رائے بدل گئی ہے تو وہ واپس چلے جائیں گے۔
امام حسین علیہ السلام نے عمر بن سعد سے ملاقات میں فرمایا کہ تمہیں کیا ہو گیا ہے! خدا کی قسم! بہت جلد اللہ تعالیٰ تمہاری جان تمہارے بستر پر ہی قبض کر لے گا اور قیامت کے دن تمہیں اپنی رحمت سے محروم رکھے گا۔







