آیت اللہ حائری شیرازی کی آخری نصیحت: یمن کو نظر انداز نہ کرو
یمن
شیعیت نیوز : مرحوم آیت اللہ حائری شیرازی کے فرزند، علی حائری شیرازی نے اپنے والد کی زندگی کے آخری ایام کا ایک روح پرور اور بصیرت افروز واقعہ بیان کیا ہے، جس میں انہوں نے یمن کی موجودہ مزاحمتی صورتحال اور ظہورِ امام زمانہ (عج) کے حوالے سے حیرت انگیز پیش گوئی کی تھی۔
علی حائری شیرازی کے مطابق، ان کے والد زندگی کے آخری دنوں میں شدید علیل تھے، ان کا بلڈ پریشر انتہائی کم ہو چکا تھا اور وہ اکثر نیم بے ہوشی کی حالت میں رہتے تھے۔ ایسی ہی ایک رات انہوں نے اچانک آنکھیں کھولیں اور مجھے بلا کر دریافت کیا: ’’یمن کی کیا خبر ہے؟ یمن نے میزائل سے کہاں حملہ کیا ہے؟‘‘ فرزند کے مطابق، ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ کوئی ایسا منظر دیکھ رہے ہیں جو عام نگاہوں سے پوشیدہ ہے۔
جب بیٹے نے اسے بیماری کے باعث دیکھا گیا خواب قرار دیا تو آیت اللہ حائری شیرازی نے سختی سے تاکید کرتے ہوئے کہا: ’’نہیں، یہ خواب نہیں تھا! یمن کو ہرگز نظر انداز نہ کرو اور وہاں کی خبریں دیکھتے رہو۔ آخری زمانے کے اہم واقعات کا آغاز یمن سے ہی ہوگا، اور پہلے میزائل داغے جائیں گے۔‘‘
اس بصیرت افروز گفتگو کے کچھ دیر بعد انہوں نے دوبارہ اپنے بیٹے کو قریب بلا کر ایک عظیم بشارت دی اور کہا: ’’ان شاء اللہ تم ظہور امام (علیہ السلام) کو درک کرو گے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں : مستونگ اور پشین میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، کالعدم سپاہ صحابہ کے کمانڈر سمیت 9 دہشت گرد ہلاک
علی حائری شیرازی کا کہنا ہے کہ اس وقت میں نے ان باتوں کو بیماری اور غنودگی کا اثر سمجھ کر زیادہ توجہ نہیں دی تھی، لیکن آج کے حالات نے ان کی سچائی ثابت کر دی ہے۔ آج جب یمنی مسلح افواج بحیرہ احمر میں اسرائیل اور امریکہ کے مفادات پر میزائلوں سے تابڑ توڑ حملے کر رہی ہیں اور غاصب صیہونی و امریکی جہازوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے، تو مجھے اپنے والد کی وہ بابصیرت نصیحت پوری شدت سے یاد آتی ہے کہ ’’یمن کو نظر انداز نہ کرو۔‘‘







