نواسۂ رسولؐ حضرت امام حسین علیہ السلام نورِ خدا اور چراغِ ہدایت ہیں، علامہ مقصود علی ڈومکی

17 جون, 2026 20:16

شیعیت نیوز : ڈیرہ اللہ یار: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے حسینی امام بارگاہ ڈیرہ اللہ یار میں عشرہ محرم الحرام کی پہلی مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواسۂ رسول، سردار جنت حضرت امام حسین علیہ السلام نورِ خدا اور چراغِ ہدایت ہیں، جنہوں نے انسانیت کو ظلمت، گمراہی اور جہالت کے اندھیروں سے نکال کر نورِ ہدایت اور صراطِ مستقیم سے روشناس کرایا۔

انہوں نے کہا کہ جب امت مسلمہ کا ایک بڑا حصہ یزید جیسے فاسق و فاجر اور گمراہ حکمران کے سامنے سرِ تسلیم خم کر چکا تھا اور حق و باطل کے درمیان امتیاز مٹتا جا رہا تھا، ایسے نازک اور فیصلہ کن مرحلے پر حضرت امام حسین علیہ السلام شمعِ ہدایت بن کر جلوہ گر ہوئے اور اپنے عظیم قیام، قربانی اور استقامت کے ذریعے حق و صداقت کا پرچم بلند کیا۔ آپؑ نے اپنے نورِ ہدایت سے نہ صرف امت مسلمہ بلکہ پوری انسانیت کو ظلم و استبداد کے خلاف مزاحمت، حریت اور عزتِ نفس کا درس دیا۔

یہ بھی پڑھیں : مریم نواز حکومت کے عزاداران حسینی کو سہولیات فراہم کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے، جہلم میں امام بارگاہ قصر زینبؑ پر مجالس عزا پر پابندی

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ دنیا کے بڑے بڑے بادشاہ، حکمران اور جابر وقت کے دھارے میں گم ہو گئے، ان کے نام و نشان مٹ گئے، لیکن حضرت امام حسین ابن علی علیہما السلام کا نام آج بھی دنیا کے ہر گوشے میں عزت، احترام اور عقیدت کے ساتھ لیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا صرف ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ ہر دور کے انسان کے لیے ایک زندہ پیغام اور دائمی درسگاہ ہے۔ کربلا ہمیں سکھاتی ہے کہ ظلم، جبر، استبداد اور باطل قوتوں کے سامنے سر جھکانے کے بجائے حق، عدل اور انصاف کی خاطر قربانی دی جائے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ایام محرم دراصل "ایام اللہ” ہیں۔ ان ایام کو منانے کا مقصد صرف غم و ماتم کا اظہار نہیں بلکہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے افکار، تعلیمات، سیرت اور پیغام کو عام کرنا ہے تاکہ معاشرے میں حق و باطل کی پہچان پیدا ہو۔

9:40 شام جون 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔