پیغامِ کربلا کانفرنس حق، حریت، عزت اور ظلم کے خلاف مزاحمت کا پیغام اجاگر کرے گی، علامہ مقصود علی ڈومکی
علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : جیکب آباد (پریس ریلیز): مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی سے ممتاز قبائلی و سماجی شخصیت میر حاجی خان ڈومکی نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
وفد میں ڈومکی اتحاد کے مرکزی رہنما حاجی شاہ مراد خان ڈومکی، استاد عبدالفتاح خان ڈومکی، احمد علی ٹالانی، رحم دل خان ٹالانی، منصب علی ڈومکی، استاد رفیق احمد اور دیگر معززین شامل تھے۔
ملاقات کے دوران موجودہ صورتحال، قبائلی امور، سماجی مسائل اور محرم الحرام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ 16 جون کو منعقد ہونے والی "پیغامِ کربلا کانفرنس” میں مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی اور قبائلی رہنما شرکت کریں گے اور نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کربلا کا پیغام انسانیت کی عزت و سربلندی، حق و صداقت، حریت و آزادی، صبر و استقامت اور ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا پیغام ہے۔ آج کے دور میں بھی واقعۂ کربلا پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ہمیں امام حسین علیہ السلام کے افکار و تعلیمات کو نئی نسل تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ کے حملے تیز، صہیونی فوجی ٹھکانوں پر میزائلوں کی بارش
بعد ازاں علامہ مقصود علی ڈومکی گوٹھ سولنگی پہنچے جہاں انہوں نے قبائلی و سماجی شخصیات لیاقت علی سولنگی، محمد حسین رند، ارشاد علی سولنگی، یاسر علی رند، نواب سولنگی اور دیگر معززین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں محرم الحرام کے انتظامات، مجالس عزا، عزاداری سید الشہداء علیہ السلام اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر، ایثار، قربانی اور حق کی خاطر مشکلات برداشت کرنے کا درس دیتا ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے میدان کربلا میں دین اسلام کی بقا، انسانی اقدار کے تحفظ اور ظلم کے خلاف قیام کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک انسانیت کی رہنمائی کرتی رہے گی۔







