علامہ محمد جمعہ اسدی کی رحلت پر علامہ سید ساجد علی نقوی کا اظہار تعزیت
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے کوئٹہ کے امام جمعہ و بزرگ عالم دین، جامعہ امام صادق علیہ السلام کے پرنسپل علامہ محمد جمعہ اسدی کی وفات پر لواحقین و پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی ملی و دینی خدمات لائق تحسین ہیں۔ مرحوم نے اپنی پوری زندگی دین اسلام، تعلیم و تربیت، خدمت خلق اور ملت جعفریہ کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
ملک کی ممتاز دینی و علمی شخصیت علامہ محمد جمعہ اسدی گزشتہ روز داغ مفارقت دے گئے۔ مرحوم سے طویل رفاقت اور ان کی گرانقدر دینی و ملی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : مینار پاکستان پر “شہیدِ امت”کانفرنس: استعمار کے مقابلے میں ہم متحد اور ڈٹ کر کھڑے ہیں، مقررین
مرحوم جامعہ امام صادق علیہ السلام کے پرنسپل کی حیثیت سے سینکڑوں طلبہ کی علمی و فکری تربیت کا فریضہ انجام دیتے رہے اور ملک بھر میں ایک باوقار دینی شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے تھے۔ انہوں نے تعلیمی، فلاحی اور سماجی منصوبوں کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے مرحوم کے اخلاص و اخلاق کو سراہا اور کہا کہ ان کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا پُر کرنے کے لیے ان کے شاگردان و مخلصین کو ان کی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے خانوادے، شاگردوں اور عقیدت مندوں سے دلی تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے علو درجات کے لیے دعا کی۔







