شہداء کی قربانیاں اور عوامی یکجہتی ایران کی سربلندی کی ضمانت ہیں، ایرانی صدر
صدر پزشکیان
شیعیت نیوز : ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ حکومت نے تمام مشکلات کے باوجود عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہ کر مسائل کے حل کی کوشش کی ہے اور آئندہ بھی قومی اتحاد، دفاعی صلاحیت اور عوامی بیداری کے سہارے ملک ترقی اور سربلندی کی راہ پر گامزن رہے گا۔
صدر نے بارہ روزہ جنگ کی مناسبت سے ایرانی قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران عوام نے بے شمار مشکلات، سختیوں اور معاشی دباؤ کا سامنا کیا ہے۔ ان حالات میں عوام کے صبر و استقامت نے حکومت پر ایک بڑی ذمہ داری عائد کی اور حکومت نے تمام تر محدودیتوں کے باوجود ایک لمحے کے لیے بھی عوامی مشکلات سے نظریں نہیں چرائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے تمام خادمین نے شب و روز محنت کرتے ہوئے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے، ان کے مسائل کا بوجھ کم کرنے اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل کوششیں کی ہیں۔ حکومت کا عوام سے عہد مضبوط اور اٹوٹ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مینار پاکستان پر “شہیدِ امت”کانفرنس: استعمار کے مقابلے میں ہم متحد اور ڈٹ کر کھڑے ہیں، مقررین
صدر پزشکیان نے بارہ روزہ استقامت اور تیسری مسلط کردہ جنگ میں تاریخی دفاع کے بعد قومی یکجہتی کا تحفظ، دفاعی صلاحیت میں اضافہ اور عوامی بیداری کے تسلسل کو موجودہ چیلنجز سے کامیابی کے ساتھ نمٹنے کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
انہوں نے شہداء، بالخصوص اس جنگ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیوں نے قوم کی تاریخ میں ایک نئی اور درخشاں داستان رقم کی ہے۔ صدر نے زور دیا کہ ملک کا سب سے بڑا اور پائیدار سرمایہ عوام کی بے مثال یکجہتی، نوجوانوں کی صلاحیتیں اور روشن مستقبل کی امید ہے۔







