مینارِ پاکستان پر شہید امت کانفرنس کا باقاعدہ آغاز، لاکھوں عوام کا تاریخی اجتماع
شیعیت نیوز : لاہور: پاکستان کے تاریخی مقام مینارِ پاکستان پر "شہید امت” کے عنوان سے منعقد ہونے والا عظیم الشان عوامی اجتماع باقاعدہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔ اس اجتماع کا اہتمام پاکستان کی شیعہ تنظیموں اور مذہبی حلقوں نے کیا ہے، جس میں ملک بھر سے لاکھوں افراد شریک ہو رہے ہیں۔
منتظمین کے مطابق مختلف شہروں سے قافلوں کی آمد گزشتہ کئی گھنٹوں سے جاری تھی۔ اجتماع کے آغاز سے قبل ہی شرکاء کی بڑی تعداد پنڈال اور اطراف میں پہنچ چکی تھی۔ ملک کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے ہزاروں افراد لاہور پہنچے۔ شرکاء نے میٹرو سروس کا بھرپور استعمال کیا اور "مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل” کے نعرے لگائے۔
اجتماع سے خطاب کرنے والوں میں سینیٹر حجۃ الاسلام والمسلمین ناصر عباس جعفری، علامہ سید جواد نقوی، سراج الحق، خواجہ سعد رفیق، علامہ امین شہیدی، علامہ اقبال بہشتی، علامہ سید ہاشم موسوی سمیت متعدد شیعہ و سنی رہنما شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : استکبار اور استعمار کے مقابلے میں ہم متحد ہیں اور ڈٹ کر کھڑے ہیں، علامہ امین شہیدی
علامہ امین شہیدی نے کہا کہ استکبار اور استعمار کے مقابلے میں ہم متحد ہیں اور ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ علامہ اقبال بہشتی نے رہبر معظم آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کو کربلا کا وارث قرار دیا۔ علامہ سید ہاشم موسوی نے امام خمینیؒ اور رہبر شہید کا شعار "اللہ اکبر” کو ظلم کے خلاف مزاحمت کا منشور قرار دیا۔
اجتماع کے دوران قومی یکجہتی، بین المسالک ہم آہنگی اور امت مسلمہ کے مسائل پر اہم پیغامات دیے جا رہے ہیں۔ مختلف معلوماتی و عوامی خدمات کے اسٹالز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
یہ اجتماع پاکستان کے حالیہ برسوں کے سب سے بڑے عوامی مذہبی و سیاسی اجتماعات میں شمار ہو رہا ہے۔






