فرقہ واریت کا خاتمہ اور باہمی اتحاد و یکجہتی ناگزیر، علامہ سید افتخار حسین نقوی النجفی
شیعیت نیوز : لاہور: رکن اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان و چیئرمین امام خمینی ٹرسٹ علامہ سید افتخار حسین نقوی النجفی نے متحدہ امت لائرز فورم کے زیر اہتمام جاوید اقبال آڈیٹوریم ہائی کورٹ لاہور میں منعقدہ ’’سیرت امام حسین علیہ السلام امن سیمینار‘‘ میں خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔
سیمینار میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، واعظین، وکلاء اور دیگر افراد نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر اہل سنت کے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل، وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ سید احمد اقبال رضوی، مولانا حافظ کاظم رضا نقوی، ناصر مدنی، صاحبزادہ پرویز اکبر ساقی، صاحبزادہ پیر عثمان احمد نوری سمیت متعدد علمائے کرام نے شرکت کی اور خطاب کیا۔
یہ بھی پڑھیں : یوم حسینؑ امن کا گہوارہ: لاہور میں شیعہ سنی علماء کا بڑا اجتماع
علامہ سید افتخار حسین نقوی النجفی نے فرقہ واریت کے خاتمے، باہمی اتحاد و یکجہتی اور ملک کے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھائی چارے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اختلافات کو بھلا کر اخوت و یگانگت کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو ٹھیس پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ پاکستان کی سربلندی اور ترقی کیلئے تمام علماء کرام، وکلاء، دانشور اور ہر مکتب فکر اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کے سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔







