علامہ محمد جمعہ اسدی کی رحلت، دینی تعلیم و عوامی خدمت کا ایک عظیم ستارہ ڈوب گیا
شیعیت نیوز : علامہ محمد جمعہ اسدی طویل عرصے سے دینی تعلیم، تبلیغ، طلبہ کی تربیت اور عوامی خدمت کے میدان میں سرگرم رہے۔ وہ جامعہ امام صادق علیہ السلام کے پرنسپل کی حیثیت سے ہزاروں طلبہ کی علمی و فکری تربیت کا فریضہ انجام دیتے رہے اور کوئٹہ سمیت پورے ملک میں ایک باوقار دینی شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے تھے۔
مرحوم کی شخصیت علم و عمل کا حسین امتزاج تھی۔ ان کے شاگردوں اور عقیدت مندوں کے مطابق وہ صرف خطیب یا مدرس نہیں بلکہ عملی طور پر یتیموں، بے سہارا افراد اور معاشرے کے محروم طبقات کی خدمت کو اپنی دینی ذمہ داری سمجھتے تھے۔ جامعہ امام صادقؑ کے تحت تعلیمی، فلاحی اور سماجی منصوبوں میں ان کا نمایاں کردار رہا۔
علامہ محمد جمعہ اسدی نے نوجوان نسل کی دینی و اخلاقی تربیت، وحدت امت، اخوت اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مسلسل جدوجہد کی۔ ان کی شفقت، اعلیٰ اخلاق اور خدمت خلق کے جذبے نے انہیں عوام کے دلوں میں خاص مقام دیا۔
یہ بھی پڑھیں : شہید امت کانفرنس مینار پاکستان: انتظامی امور کا جائزہ
علمی و دینی حلقوں نے علامہ محمد جمعہ اسدی کی رحلت کو ایک بڑا علمی، فکری اور سماجی خسارہ قرار دیا ہے۔ مرحوم نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی خدمت، طلبہ کی تربیت اور معاشرے کی اصلاح کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کے علمی، تربیتی اور فلاحی خدمات کے نقوش ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔







