امریکہ پر اعتماد کرنا حماقت ہے، ایران امریکہ جنگ بندی میں پاکستان کی کوششوں پر پانی پھیر دیا، مولانا عبدالغفور حیدری
مولانا عبدالغفور حیدری
شیعیت نیوز : جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور رکن اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران امریکہ جنگ بندی کے لیے اقدامات کیے، جو قابل ستائش ہیں۔ تاہم امریکہ پر اعتماد کرنا حماقت ہے۔ امریکہ نے حملہ کرکے پاکستان کی کوششوں پر پانی پھیر دیا ہے۔
انہوں نے قلات میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ابھی چین اور سعودی عرب کا دورہ کیا، کہیں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں دیکھا۔ ایران حالت جنگ میں ہے، مگر اتنی مہنگائی نہیں ہے۔ ہمارے حکمران اپنی عیاشیوں کے لیے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاک ایران گیس پائپ لائن پر حکومت جواب دے، حافظ نعیم الرحمن
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ بلوچستان کے حالات تباہی کی طرف جا رہے ہیں۔ حکومت کو ہوش کے ناخن لینا چاہیے۔ ہم نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ہے۔ 4 جون کو پشین میں ایک بڑا احتجاجی جلسہ ہوگا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے تمام ملازمین کو یکساں طور پر تنخواہیں ادا کی جائیں۔ ڈی آر اے الاؤنس بلوچستان کے ملازمین کا حق ہے۔ صوبائی حکومت بلا تاخیر ملازمین کو ڈی آر اے الاؤنس دیگر صوبوں کے مطابق ادا کرے۔ آنے والے بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔







