رہبر انقلاب آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای کا پارلیمنٹ کے تیسرے سال کے آغاز پر اہم پیغام
شیعیت نیوز : رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبی حسینی خامنہ ای نے موجودہ ایرانی پارلیمنٹ کے تیسرے سال کے آغاز کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
رہبر نے پارلیمنٹ کو ملت کا نچوڑ، دینی جمہوریت کی علامت اور اسلامی جمہوریہ ایران میں قانون سازی کا بنیادی ستون قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی قانون سازی عوامی ضروریات، امید آفرینی اور ملک کے روشن مستقبل کی تعمیر کے محور پر ہونی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : اصل ماجرا سامنے آگیا: امریکہ نے جھوٹی کہانی گھڑی، 4 آئل ٹینکرز کو محفوظ گزارنے کی کوشش ناکام
رہبر انقلاب نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں ایرانی قوم نے ایمان، امید اور عملی استقامت کے ذریعے اپنی حقیقی طاقت دنیا پر ثابت کی ہے۔ یہ بیداری نمائندوں کے لیے بھی ایک اہم امتحان ہے۔ عوام کے حقیقی نمائندوں کو چاہیے کہ وہ ملت کی توقعات اور قومی مفادات کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور قانون سازی و نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنائیں۔
انہوں نے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ حکومت اور دیگر اداروں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے معاشی مسائل کے حل، مہنگائی اور گرانی پر قابو پانے، پیداوار اور روزگار کے فروغ، سائنسی و صنعتی ترقی، ثقافتی و اخلاقی بہتری، مالی بدعنوانی کے خاتمے اور محروم طبقات کی مدد کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔
آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای نے واضح کیا کہ پارلیمنٹ کے فیصلے اور قوانین عوام کے حقیقی مسائل اور قومی ضروریات سے براہ راست جڑے ہونے چاہییں تاکہ معاشرے میں امید پیدا ہو اور عوام کو مستقبل کے حوالے سے واضح راستہ دکھائی دے۔
رہبر نے مقاومتی معیشت، قومی اتحاد اور قومی سلامتی کو موجودہ حالات میں انتہائی اہم قرار دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دشمن فوجی ناکامیوں کے بعد اب سماجی اختلافات اور داخلی تقسیم پیدا کرنے کی سازش کر رہا ہے، اس لیے تمام سیاسی، سماجی اور فکری حلقوں کو اتحاد کے تحفظ کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
پیغام کے اختتام پر رہبر انقلاب نے پارلیمنٹ کے نمائندوں کی کامیابی کے لیے دعا کی اور امید ظاہر کی کہ وہ ایرانی قوم کی خدمت، انقلاب اسلامی کے دفاع اور ملک کی ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں انجام دیں گے۔







