ایرانی پارلیمان کے سربراہ محمد باقر قالیباف کا عید قربان کا مسلم ممالک کو اہم پیغام

28 مئی, 2026 07:12

شیعیت نیوز : ایرانی پارلیمان کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے عید سعید قربان کے موقع پر اسلامی ممالک کے پارلیمانی سربراہان کے نام تہنیتی پیغام جاری کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید قربان ایثار، اخلاص اور بندگی کا عظیم تہوار ہے۔ قالیباف نے عالم اسلام اور ایرانی عوام کو امریکہ اور صہیونی حکومت کی مجرمانہ جارحیت کا سامنا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس جارحیت میں بڑی تعداد میں ایرانی شہری شہید ہوئے جن میں طالب علم بچے بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : غزہ میں شدید تباہی کے باوجود فلسطینیوں نے عید قربان کی نماز ادا کی

محمد باقر قالیباف نے شہید رہبر انقلاب حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام خامنہ ای کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالم اسلام میں وحدت امت اور مظلوم فلسطینی عوام کے دفاع کی آواز تھے۔ انہوں نے ایرانی قوم کو ہمسایہ ممالک سے دوستی، آزادی پسندوں سے برادری اور ظلم و استکبار کے خلاف مزاحمت کی تلقین کی۔

قالیباف نے کہا کہ انہی اصولوں کی بنیاد پر ایرانی عوام نے چالیس روزہ براہ راست جنگ کے دوران جارح قوتوں کو بھاری شکست دی۔ اس جنگ میں ایران کی تزویراتی کامیابی نے عالم اسلام کو یہ پیغام دیا کہ اگر مسلمان اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ اسلام دشمن قوتوں، خصوصاً صہیونی حکومت اور اس کے حامیوں کے مقابلے میں کھڑے ہوں تو کامیابی ان کا مقدر ہوگی۔

انہوں نے زور دیا کہ اسلامی ممالک کے درمیان تعاون اور طاقت کے فروغ کے لیے بیرونی مداخلت سے آزاد فضا پیدا کرنا علاقائی بحرانوں کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ قالیباف نے امید ظاہر کی کہ اسلامی ممالک کے عزم، اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے امت مسلمہ ترقی و سربلندی حاصل کرے گی اور اسلامی دنیا میں امن و سلامتی قائم ہوگی۔

8:23 صبح مئی 28, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔