رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کا حج کا پیغام جاری

26 مئی, 2026 11:07

شیعیت نیوز : رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے حج کے مقدس موقع پر امت مسلمہ کے نام ایک جامع اور اہم پیغام جاری کیا ہے۔

پیغام میں رہبر نے فرمایا: "لبَّیک، اللّھم لبَّیک، لبَّیک لا شریکَ لَکَ لبَّیک، اِنَّ‌ الحَمدَ وَ النِّعمَۃَ لَکَ وَ المُلک…” انہوں نے کہا کہ اس سال کا حج امت مسلمہ کے لیے مادی زندگی سے الہی زندگی کی طرف ہجرت کا موقع ہے۔ یہ ہجرت صرف حجاج کرام تک محدود نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ہے۔

رہبر نے تاکید کی کہ حج کی اصل روح اللہ کے ذکر کے محور پر دائمی احرام باندھنا، حق کے گرد طواف کرنا، شیطان اور اس کے پٹھوں کو کنکریاں مارنا، مسکینوں کی مدد کرنا اور نفسانی خواہشات کو قربان کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نے اسلامی انقلاب کے میقات میں خمینی کبیر کی ابراہیمی ندا پر لبیک کہا اور اغیار کے تسلط کا لباس اتار پھینکا۔

یہ بھی پڑھیں : تفتان بارڈر پر 15 دن سے پھنسے ہوئے زائرین کی، عید بھی بارڈر پر

رہبر نے فرمایا کہ اللہ اکبر کے نعرے نے ایرانی قوم کو 47 سال پہلے طاغوتی نظام کا تختہ الٹنے، صدام کی جارحیت کو ناکام بنانے، معاشی محاصرے اور پابندیوں کا مقابلہ کرنے کی طاقت دی۔ اسی نعرے نے لبنان، فلسطین، عراق، شام، یمن اور افغانستان تک مزاحمتی محاذ کو مضبوط کیا اور طوفان الاقصیٰ جیسے عظیم کارناموں کو ممکن بنایا۔

آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے جون 2025 کی جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اکبر کے ہتھیار نے صیہونی رژیم اور امریکہ کو شدید ناکامی سے دوچار کیا۔ رہبر شہید حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد بھی ایرانی قوم نے بھرپور استقامت کا مظاہرہ کیا اور تیسری مسلط کردہ جنگ میں زبردست فتوحات حاصل کیں۔

رہبر نے امت مسلمہ کو باہمی تعاون، دوستی اور نیکی کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل امت مسلمہ اور نئے اسلامی تمدن کا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صیہونی رژیم اپنے آخری مراحل میں ہے اور اللہ کے فضل سے وہ رہبر شہید کی پیش گوئی کے مطابق 25 سال نہیں دیکھ پائے گی۔

انہوں نے حجاج کرام سے اپیل کی کہ وہ امام مہدی علیہ السلام کے ظہور میں تعجیل، امت کے اتحاد، فلسطین اور مسجد الاقصیٰ کی آزادی، مسلمانوں کی مشکلات کے خاتمے اور عالمی سامراج کے خلاف حتمی فتح کے لیے دعا کریں۔

رہبر نے اپنے پیغام کے اختتام پر تمام حجاج کرام، امت مسلمہ اور شہداء بالخصوص رہبر شہید کی روح کے لیے دعا کی اور اللہ سے درخواست کی کہ وہ امت کو معرفت، بصیرت اور اسلام کے دشمنوں پر فتح عطا فرمائے۔

12:10 شام مئی 26, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔