ایرانی پاسداران کے کمانڈر کا سخت انتباہ: ایران دفاعی طاقت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا
شیعیت نیوز : سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل احمد وحیدی نے یوم آزادی خرمشہر کے موقع پر کہا ہے کہ ایران کسی بھی صورت میں اپنی دفاعی طاقت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
میجر جنرل وحیدی نے ۵۷۸ دن کی قبضے کے بعد خرمشہر کی تاریخی فتح کو ایرانی قوم کی مزاحمت کی عظیم علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسی جذبے اور استقامت کے ساتھ ایران نے حالیہ ۴۰ روزہ جنگ میں بھی دشمن کو ذلت آمیز شکست دی اور اسے جنگ بندی کے لیے مجبور کیا۔
سپاہ پاسداران کے سربراہ نے ایران کی دفاعی حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمن نے کثیر الجہتی جنگ چھیڑی تھی، مگر عوام کی حمایت اور مسلح افواج کے دندان شکن جواب نے دشمن کے تمام ناپاک عزائم ناکام بنا دیے۔ انہوں نے جوہری، میزائل اور جدید ٹیکنالوجی میں ایران کی پیش رفت کو فعال ڈیٹرنس کا اہم حصہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں : شہداء اسلام و شہید امت کانفرنس: ایم ڈبلیو ایم رہنماوں نے کوئٹہ میں دعوتیں شروع کر دیں
میجر جنرل احمد وحیدی نے کہا کہ پرعزم ایرانی عوام ملک کا حقیقی اسٹریٹجک اثاثہ ہیں جن کا اتحاد دشمن کی ہر سازش کے سامنے ناقابل تسخیر قلعہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایرانی مسلح افواج تمام شعبوں میں ہائی الرٹ ہیں اور کسی نئی جارحیت کا جواب علاقائی حدود سے آگے نکل کر عالمی سطح پر دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنائے گا۔
انہوں نے خرمشہر کی فتح کو محض ماضی کا واقعہ قرار نہیں دیا بلکہ آنے والی بڑی فتوحات، بیت المقدس کی آزادی اور صیہونی رژیم کے انجام کا پیش خیمہ قرار دیا۔







