ایرانی فوج کسی نئی جارحیت کا دندان شکن جواب دے گی، ایرانی جنرل
شیعیت نیوز : ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرم نیا نے تہران کے ولی عصر چوک میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں رات کے اجتماعات میں عوام کی بھرپور شرکت دشمن کے منصوبوں کی ناکامی کا اہم سبب بنی اور اس سے ایرانی مسلح افواج کے حوصلے اور جذبے میں بھی اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کا اصل مقصد ایران کو تقسیم کرنا تھا۔ دشمن یہ سمجھ رہا تھا کہ سپریم لیڈر اور مسلح افواج کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنا کر وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نظام کو گرا دے گا اور اپنے بنیادی مقصد یعنی ایران کی تقسیم تک پہنچ جائے گا، لیکن ایران کی باشعور اور انقلابی عوام سڑکوں پر نکل آئے اور اپنے تاریخی کردار سے دشمن کے عزائم ناکام بنا دیے۔
یہ بھی پڑھیں : اسلامی تحریک پاکستان کا سکردو حلقہ 1 میں اتحادی امیدوار کے حق میں دستبرداری کا اعلان
بریگیڈیئر جنرل اکرم نیا نے ایرانی مسلح افواج کی کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فوج نے جنگ بندی کے دور کو بھی جنگی حالات کا حصہ سمجھا اور اس عرصے کو اپنی دفاعی اور عسکری صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے استعمال کیا۔ انہوں نے دشمن ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نہ محاصرے میں لایا جا سکتا ہے اور نہ ہی اسے شکست دی جا سکتی ہے۔
اگر دشمن دوبارہ صہیونی عناصر کے بہکاوے میں آکر ایران کے خلاف کسی نئی جارحیت کا ارتکاب کرتا ہے تو ایران نئی حکمت عملی اور نئے ذرائع کے ساتھ ان کے خلاف مزید محاذ کھول دے گا۔ ایرانی فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایران کی مسلح افواج کو آبنائے ہرمز پر مکمل نگرانی حاصل ہے اور اب اس اہم آبی گزرگاہ کی صورتحال ماضی کی طرح نہیں رہے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دشمن کے پاس واحد راستہ یہی ہے کہ وہ ایرانی عوام کا احترام کرے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے جائز حقوق کو تسلیم کرے۔







