مارو اور بھاگو کا دور ختم، ہر حملے کا جواب دیں گے، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
شیعیت نیوز : ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ ایران پر حملہ کر کے جواب سے بچ نکلنے کا دور ختم ہو چکا ہے اور ایران نے عملی طور پر ثابت کیا ہے کہ وہ کسی بھی حملے کو جواب کے بغیر نہیں چھوڑتا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی طاقت بڑھاپے کا شکار ہو چکی، ٹرمپ کچھ نہیں کر سکتا، میجر جنرل عبداللہی
منگل کو ہفتہ وار پریس کانفرنس میں امریکہ کی جانب سے مبینہ طور پر "کوہ کلنگ” کو نشانہ بنانے کے ارادے اور ایران سے خاموشی کی توقع سے متعلق میڈیا دعوؤں پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا آپ واقعی سمجھتے ہیں کہ امریکہ ایران کو بتائے گا کہ ہم حملہ کرنے والے ہیں اور ایران خاموش رہے گا؟ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ رہبر شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے تاکید کی تھی، مارو اور بھاگ جاؤ کا دور گزر چکا ہے، اور یہ دعویٰ محض ایک خیالی تصور ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران سفارت کاری اور دفاع دونوں کے ذریعے صرف اپنے قومی مفادات کا تحفظ چاہتا ہے۔ ان کے مطابق سفارت کاری دفاع ہی کا ایک حصہ ہے اور میدان جنگ اور سفارتی میدان میں کوئی فرق نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران نے امریکی فریق کے ساتھ کوئی مذاکرات شروع نہیں کیے۔
ایرانی ترجمان نے خلیجی ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں، کیونکہ جب کسی ملک کی سرزمین حملہ آوروں کے استعمال میں ہو تو اچھے ہمسایہ تعلقات اور اعتماد کی بات کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تہران خطے میں بالادستی کا خواہاں نہیں بلکہ اس کا مؤقف قومی مفادات اور دفاع کے تحفظ پر مبنی ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں نسل کشی کا سلسلہ بند نہیں ہوا اور افسوس کہ غاصب صیہونی حکومت کو امریکہ اور بعض یورپی ممالک کی حمایت حاصل ہے۔ پاک ایران سرحد کی بندش سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ایران کو آگاہ کیا گیا ہے کہ بعض تکنیکی مسائل حل کیے جا رہے ہیں، ایران سے پاکستان کو برآمدات جاری ہیں اور دونوں ملکوں کے تعلقات اس وقت عروج پر ہیں۔







