شہید عزالدین الحداد کی قربانی صہیونی بدعہدی کا ثبوت ہے، سپاہ پاسداران
شیعیت نیوز : عزالدین الحداد کی شہادت قابض صہیونی حکومت کی بدعہدی کا ثبوت ہے، کمانڈر سپاہ پاسداران انقلاب۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے القسام بریگیڈز کے کمانڈر عزالدین الحداد، ان کی اہلیہ اور بیٹی کی شہادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ صہیونی حکومت کے مجرمانہ ہاتھ ایک بار پھر مزاحمت کے ایک بڑے مجاہد کے خون سے رنگین ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب غزہ میں جنگ بندی بظاہر قائم دکھائی دے رہی تھی، جس سے ایک بار پھر قابض قوتوں کی عہد شکنی اور بدعہدی آشکار ہو گئی۔ پیغام میں کہا گیا کہ عزالدین الحداد نے اپنی پوری زندگی قابض قوتوں کے خلاف جدوجہد میں گزاری، چاہے وہ میدان جنگ ہو یا صہیونی جیلیں، اور انہوں نے اس راستے میں اپنے دو بیٹوں کی قربانی بھی پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی ناقابل تسخیر مزاحمت: مڈل ایسٹ مانیٹر کا اعتراف
سپاہ کے کمانڈر نے مزید کہا کہ غزہ کے عوام اور فلسطینی مزاحمت نے شدید ترین مظالم کے باوجود استقامت اور پائیداری کی مثال قائم کی ہے اور یہی مزاحمت بالآخر فلسطین کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ غزہ کے عوام کا فولادی عزم ٹوٹنے والا نہیں۔ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور فلسطینی عوام کو بالآخر اپنے دشمن پر فتح و کامیابی نصیب ہوگی۔ پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام اور سپاہ پاسداران فلسطینی مزاحمت کے ساتھ ہیں اور یہ حمایت جاری رہے گی۔







