امریکی انٹیلی جنس کا اعتراف: ایران کا میزائل نیٹ ورک 90 فیصد فعال، ٹرمپ کی فتح کے دعوے جھوٹے ثابت
شیعیت نیوز : امریکی خفیہ اداروں کی نئی رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران کا میزائل نیٹ ورک اب بھی بڑی حد تک فعال اور محفوظ ہے، جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ان دعوؤں کے برعکس ہے جن میں کہا گیا تھا کہ ایران کی فوجی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔
یہ رپورٹس ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی 75ویں روز میں داخل ہو چکی ہے اور جنگ بندی مذاکرات تاحال کسی بڑی پیش رفت سے محروم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران نے امریکا اور اسرائیل کو بھاری قیمت چکانے پر مجبور کر دیا، اسرائیلی میڈیا کا اعتراف
برطانوی اور امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی انٹیلی جنس اداروں کی خفیہ جائزہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایران نے اپنے بیشتر میزائل تنصیبات، زیر زمین ذخیرہ گاہوں اور موبائل لانچر سسٹمز پر دوبارہ آپریشنل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق آبنائے ہرمز کے اطراف قائم ایران کی 33 میزائل تنصیبات میں سے 30 مختلف درجوں میں قابل استعمال سمجھی جا رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق آبنائے ہرمز کے قریب صرف چند تنصیبات مکمل طور پر غیر فعال ہوئی ہیں، جبکہ مجموعی طور پر ایران کے تقریباً 70 فیصد موبائل میزائل لانچرز اب بھی کام کر رہے ہیں۔ امریکی خفیہ اداروں کا اندازہ ہے کہ ایران نے جنگ سے پہلے موجود اپنے میزائل ذخیرے کا بھی بڑا حصہ محفوظ رکھا ہوا ہے۔







