ولادت حضرت زینب (س) اور یومِ نرسنگ، آیت اللہ اعرافی کا نرسوں کی عظیم خدمات کو خراجِ تحسین
آیت اللہ علی رضا اعرافی
شیعیت نیوز : سربراہ حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ثانیِ زہرا حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت اور یومِ نرسنگ کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں شعبۂ صحت سے وابستہ نرسوں کی بے لوث اور شب و روز کی خدمات کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے قرآنی تعلیمات (سورۂ مائدہ کی آیت 32) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو کسی ایک انسان کی جان بچاتا ہے، گویا اس نے پوری انسانیت کو بچا لیا۔
یہ بھی پڑھیں : گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ایرانی ہم منصب سے اہم ملاقات، اقتصادی تعاون پر گفتگو
آیت اللہ اعرافی نے نرسوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی بے لوث خدمات کے ذریعے صبرِ زینبیؑ کو بندگانِ خدا کی خدمت کی صورت میں نمایاں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت زینب سلام اللہ علیہا کربلا کے مشکل ترین حالات میں نہ صرف زخمیوں اور بیماروں کی تیماردار تھیں، بلکہ تاریخ میں صبر، استقامت اور ثابت قدمی کی سب سے بڑی علامت بھی ہیں۔ آج کی نرسیں بھی ایثار، قربانی اور انسانیت کی خدمت کے اسی عظیم راستے پر گامزن ہیں۔
سربراہ حوزہ علمیہ نے اس بات پر زور دیا کہ نرسیں محض جسمانی تکلیف کو دور نہیں کرتیں، بلکہ اپنے ہمدردانہ اور باوقار رویے سے اسلامی اخلاقی تعلیمات کی عملی تصویر پیش کرتی ہیں۔ حوزاتِ علمیہ ان کی اس انتھک محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پیغام کے اختتام پر انہوں نے تمام نرسوں کے لیے صحت، کامیابی اور خدمتِ خلق کے اس مقدس راستے پر ثابت قدم رہنے کی خصوصی دعا کی۔







