صبر کا دور ختم، فارس میں کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ایرانی فوج
شیعیت نیوز : فارس میں کسی بھی حملے کا بھرپور اور براہ راست جواب دیا جائے گا۔ مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں ایرانی ساحلی علاقوں اور متعدد ایرانی آئل ٹینکروں پر ہونے والے حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی غیر معمولی سطح تک پہنچ گئی ہے۔ ان حملوں کے نتیجے میں مالی نقصان اور عملے کے متعدد افراد زخمی ہوئے، جس کے بعد ایران کی مسلح افواج نے سخت اور مربوط ردعمل ظاہر کیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور ایرانی مسلح افواج کے اعلی حکام نے غیر معمولی بیانات جاری کرتے ہوئے اسٹریٹجک صبر کے خاتمے اور فعال دفاعی بازدارندگی اور جوابی جارحانہ کارروائی کے مرحلے میں داخل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ خطے میں بحری، میزائل اور ڈرون یونٹس کی وسیع تعیناتی اور نگرانی کرنے والے ڈرونز کی پروازوں میں اضافے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران مکمل جنگی تیاری میں ہے اور کسی بھی غلط اندازے کی صورت میں خلیج فارس دشمنوں کے لیے آگ کا جہنم بن سکتا ہے۔ سپاہ پاسداران کی بحریہ نے ایک انتہائی سخت اور غیر معمولی بیان میں کہا کہ خلیج فارس کی سکیورٹی صورتحال اب مکمل طور پر تبدیل ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی مسلح افواج مکمل تیار، کسی بھی جارحیت کا فوری اور شدید جواب، رہبر معظم انقلاب کو رپورٹ
بیان میں کہا گیا کہ ایرانی تجارتی جہازوں، آئل ٹینکروں یا بحری جہازوں پر کسی بھی حملے کا جواب صرف سمندر تک محدود نہیں رہے گا بلکہ امریکی فوجی اڈے، سینٹکام کے مراکز، طیارہ بردار بحری جہاز اور خطے میں موجود اہم تنصیبات براہ راست نشانہ بنیں گی۔ ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے اپنے بیان میں کہا کہ اب ایران کا صبر ختم ہو چکا ہے اور ایرانی بحری جہازوں پر کسی بھی حملے کا جواب امریکی جہازوں اور فوجی اڈوں پر سخت کارروائی کی صورت میں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقت امریکا کے خلاف جا رہا ہے اور واشنگٹن کے لیے بہتر یہی ہے کہ مزید غلطی نہ کرے۔ ان کے بقول خطے میں ایک نیا نظام تشکیل پا رہا ہے اور امریکا کو اس حقیقت کو قبول کرنا ہوگا۔







