اسلامی نظریاتی کونسل کا 247واں اجلاس، علامہ سید افتخار حسین نقوی کی خصوصی شرکت
اسلامی نظریاتی کونسل
شیعیت نیوز : اسلامی نظریاتی کونسل کا 247واں اہم اجلاس چیئرمین کونسل ڈاکٹر راغب نعیمی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں کونسل کے تمام اراکین نے شرکت کی جبکہ بعض اراکین ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کا حصہ بنے۔ اس اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن اور چیئرمین امام خمینی ٹرسٹ، علامہ سید افتخار حسین نقوی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور ایجنڈے میں شامل اہم ملکی و شرعی امور پر ہونے والی بحث میں بھرپور حصہ لیا۔
اجلاس کے دوران متعدد شرعی، قانونی، مذہبی اور سماجی معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ ایجنڈے کے اہم نکات میں توہینِ مذہب سے متعلق قوانین، ٹرانس جینڈر ایکٹ، وفاقی شرعی عدالت کے فیصلوں پر عمل درآمد، اسلامی قوانین کے نفاذ، تعلیمی و مذہبی امور اور دیگر اہم قومی معاملات شامل تھے۔ اجلاس میں شریک اراکین نے ان زیرِ بحث امور پر اپنی آراء پیش کیں اور متعلقہ قانونی و شرعی پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں : بھوک اور غربت عالمی سازش کا حصہ ہیں، علامہ سید ساجد علی نقوی
اسلامی نظریاتی کونسل کا یہ اجلاس ملک میں مروجہ قوانین کو اسلامی تعلیمات اور شرعی اصولوں سے ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے کونسل کی آئینی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے سلسلے کی ایک اہم کڑی تھا۔ علامہ سید افتخار حسین نقوی نے اجلاس کی کارروائی میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے شرعی و فقہی اصولوں کی روشنی میں اپنا مؤقف پیش کیا۔







