شہید رہبر معظم کا چہلم، شیعہ تنظیموں کا 3 مئی کو نشتر پارک کراچی میں جلسے کا اعلان
شیعیت نیوز : شیعہ تنظیموں کے رہنماؤں اور مختلف علمائے کرام نے ایم اے جناح روڈ پر واقع مسجد و امام بارگاہ علی رضاؑ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں میں تفرقہ ڈالنے والے عناصر دشمن کے آلۂ کار ہیں، عالمِ اسلام کو اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کسی دور میں نہیں تھی، جمہوری اسلامی ایران پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت کسی ایک ملک پر نہیں بلکہ پوری امت کے خلاف باطل کا اعلانِ جنگ ہے، حضرت امام حسینؑ کی عظیم شہادت نے ثابت کر دیا کہ حق کو کبھی مٹایا نہیں جا سکتا، کربلا محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ قربانی، صبر، استقامت، غیرت اور حریت کا دائمی پیغام ہے، اسی پیغام پر عمل کرتے ہوئے محورِ مقاومت امریکا اور اسرائیل کی ناک زمین پر رگڑ رہا ہے، امریکی غرور آبنائے ہرمز میں غرق ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شہباز شریف اور ایرانی صدر کا رابطہ، خطے میں امن کیلئے مشترکہ عزم
علمائے کرام کا کہنا تھا کہ پیغامِ کربلا سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ حاکمیتِ اعلیٰ صرف اللہ تعالیٰ کی ہے، پاکستانی قوم بشمول ملتِ تشیع فلسطین، ایران، لبنان اور کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کی غیر مشروط حمایت جاری رکھے گی۔ شیعہ رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کا مثبت اور متوازن کردار قابلِ تحسین ہے، ایسے اقدامات نہ صرف علاقائی استحکام کے لیے ضروری ہیں بلکہ مسلم دنیا میں ہم آہنگی اور تنازعات کے پُرامن حل کی جانب اہم پیشرفت بھی ہیں۔ شیعہ تنظیموں کے قائدین نے اعلان کیا کہ شہید رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای، شہدائے مقاومت اور یکم مارچ کو دہشت گرد امریکی میرینز کی فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوانوں کے چہلم شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔
علمائے کرام کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں تمام شیعہ تنظیموں کی میزبانی میں نشتر پارک میں ایک بڑے جلسے کا انعقاد کیا جائے گا، جلسے میں مختلف مکاتبِ فکر اور مذاہب کے قائدین، سیاسی و سماجی رہنما اور علمائے کرام خطاب کریں گے۔ اس موقع پر ولی امرِ مسلمین رہبرِ معظم آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای سے خصوصی تجدیدِ عہد بھی کیا جائے گا۔ پریس کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی شوریٰ عالیٰ کے رکن مولانا شیخ حسن صلاح الدین، ہیئت آئمہ مساجد و علما امامیہ کے رہنما مولانا اصغر حسین شہیدی، جعفریہ الائنس پاکستان کے نائب صدر علامہ باقر عباس زیدی، آئی او کے رہنما علامہ عقیل موسیٰ، تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے آغا زین، آئی ایس او کراچی ریجن کے حسن رضا و دیگر علمائے کرام اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔







