سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا چہلمِ شہید رہبر پر خطاب: "استعمار اپنی تمام تر قوت کے باوجود شکست سے دوچار ہو چکا ہے”
شیعیت نیوز : سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا بیان: "استعمار اپنی تمام تر قوت کے باوجود شکست سے دوچار ہو چکا ہے”
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جامعہ امام صادقؑ، جی نائن اسلام آباد میں شہید رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے چہلم کے موقع پر منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا:
"آج دنیا واضح طور پر دیکھ رہی ہے کہ استعمار اپنی تمام تر قوت کے باوجود شکست سے دوچار ہو چکا ہے اور اس کی ہر سازش ناکامی سے ہمکنار ہو رہی ہے۔ یہ حقیقت بھی عیاں ہے کہ یہ حملہ کسی ایک شخصیت تک محدود نہیں تھا بلکہ اسلام اور پوری انسانیت کے خلاف ایک کھلی جارحیت تھی۔”
یہ بھی پڑھیں : حماس کا حزب اللہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار: “لبنان کی اسلامی مزاحمت نے دشمن کو ناکام کر دیا”
انہوں نے رہبرِ معظم شہید سید علی خامنہ ای کو ایک عظیم، نڈر اور بااصول رہنما کے طور پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر محاذ پر دشمن کی سازشوں کا جرات، حکمت اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کیا۔ استعماری قوتوں کو یہ گمان تھا کہ وہ چند دنوں میں اپنے ناپاک مقاصد حاصل کر لیں گی، مگر وقت نے ثابت کر دیا کہ ان کے تمام عزائم خاک میں مل گئے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی بے چینی اور مسائل کے تناظر میں امریکہ اور اسرائیل کو ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے، اور یہ تاثر بھی مضبوط ہو رہا ہے کہ امریکہ کی سپر پاور حیثیت اب متزلزل ہو چکی ہے۔ غیور ایرانی قوم نے جس جرات، بصیرت اور عزم کا مظاہرہ کیا، اس نے استکباری غرور کو آبنائے ہرمز میں ڈبو دیا۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ ان شاء اللہ پوری پاکستانی قوم دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت جاری رکھے گی اور ہر ظالم قوت کے خلاف آخری حد تک ثابت قدمی کے ساتھ کھڑی رہے گی۔







