ایران مذاکرات کیلئے تیار مگر دباؤ قبول نہیں کرے گا: ایرانی صدر
شیعیت نیوز: ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے واضح کیا ہے کہ ایران مذاکرات کیلئے ہمیشہ تیار ہے تاہم کسی بھی قسم کی مرضی مسلط کرنے کی کوشش ناکام ہوگی۔
ایرانی صدر نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ایران کو سرنڈر پر مجبور نہیں کیا جا سکتا، ایران جنگ نہیں بلکہ امن چاہتا ہے، تاہم کسی بھی حملے کی صورت میں بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایران پر حملوں کا جواز کس بین الاقوامی قانون میں موجود ہے، جبکہ ایران نے کبھی کسی ملک کے خلاف جارحیت نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: رہبر معظم کی شہادت نے اپنا خون دے کر بکھری ہوئی امت کو وحدت کی لڑی میں پرو دیا، متحدہ طلبہ محاذ
ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ خلیج فارس کی صورتحال ایک عالمی بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ انہوں نے جنگ کے دوران ہسپتالوں، پلوں اور یونیورسٹیوں کو نشانہ بنانے کو غیر قانونی قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران بدامنی نہیں پھیلانا چاہتا بلکہ امن کا خواہاں ہے، تاہم اگر اس پر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور دفاع کیا جائے گا۔
ایرانی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اپنی ترقی کیلئے جنگ کا راستہ اختیار نہیں کرے گا اور نہ ہی کسی ملک پر حملہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے برابری اور انصاف کا مطالبہ کرتا ہے جبکہ اس کی ترقی اور شعور کو دبانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔







