ایران مذاکرات میں شریک ہوگا مگر امریکا پر اعتماد نہیں، ایرانی نائب صدر محمد رضا عارف
شیعیت نیوز: ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا ہے کہ ایران اسلام آباد میں ہونے والے اہم مذاکرات میں بھرپور اور فعال شرکت کرے گا، تاہم امریکا کے رویے پر گہرے شکوک و شبہات بدستور موجود ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا کی ’دھوکا دہی والی فطرت‘ کے باعث ایران ان مذاکرات میں محتاط انداز اپنائے گا، لیکن اس کے باوجود سفارتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے سنجیدہ ہے۔
انہوں نے پاکستان کی ان کوششوں کو بھی سراہا جن کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان عبوری جنگ بندی ممکن ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی بمباری کے جواب میں لبنان سے راکٹ حملے، خطے میں سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے
ایرانی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ایران ان مذاکرات میں مکمل اختیار اور واضح حکمت عملی کے ساتھ شریک ہوگا، اور اس کا مقصد اپنی حالیہ فوجی کامیابیوں کو سفارتی سطح پر مزید مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 40 دنوں کی جنگ کے دوران ایران نے دشمن کے اندازوں کو غلط ثابت کیا اور یہ مرحلہ خطے میں بڑی اسٹریٹیجک تبدیلیوں کا باعث بن سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی قوم کے عزم اور عوامی مظاہروں نے دشمن کو سیاسی اور سکیورٹی محاذوں پر شکست دی، اور ان مظاہروں کو انہوں نے ایران کی ’سافٹ پاور‘ قرار دیا۔
دوسری جانب اسلام آباد میں آج سے امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات کا آغاز ہو رہا ہے، جس میں پاکستان میزبان کا کردار ادا کر رہا ہے۔ عالمی سطح پر ان مذاکرات کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ایک اہم کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔







