ننھی بچی کی خواہش پر ایران کا تل ابیب کے لیے، گلابی میزائل
شیعیت نیوز: ایران کی پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ ایک ٹیلی گرام چینل نے حال ہی میں ایک گلابی رنگ کے میزائل کی تصویر جاری کی ہے، جس پر فارسی زبان میں ’انقلابی ننھی بچی کی درخواست کے جواب میں‘ درج کیا گیا ہے۔
یہ تصویر اسرائیل پر ایرانی حملوں کی ایک نئی لہر کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی وزیرِ دفاع کی وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا میں ہنگامہ، حقیقت کیا ہے؟
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ قدم ایک ایسی ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اٹھایا گیا، جس میں ایک چھوٹی بچی کو اسرائیل کی طرف گلابی میزائل داغنے کی فرمائش کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
یہ تصویر ’سپاہ سائبری‘ نامی چینل پر شیئر کی گئی ہے، جو عام طور پر پاسدارانِ انقلاب کے نظریاتی اور سائبر پیغامات کی تشہیر کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
اس کے بعد ممبئی میں قائم ایرانی قونصل خانے نے بھی اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا: ”ننھی کلی نے ایک خواہش ظاہر کی اور انہوں نے بھرپور جواب دیا! تل ابیب پر گلابی میزائل داغنے کی فرمائش کرنے والی اس بچی کی ویڈیو کے بعد پاسدارانِ انقلاب نے اپنا پیغام فولادی انداز میں جاری کر دیا ہے۔“
ماہرین کا خیال ہے کہ میزائل کو گلابی رنگ دینا اور اس پر بچے کی خواہش کا حوالہ دینا دراصل عسکری پیغام رسانی کو جذباتی اور عوامی رنگ دینے کی ایک کوشش ہے۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کے اقدامات کے ذریعے جدید ہتھیاروں کو سوشل میڈیا کے لیے موزوں بنا کر مقامی سطح پر عوام کی ہمدردیاں اور توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
تاہم ابھی تک اس بات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی کہ یہ تصویر کب لی گئی، آیا یہ میزائل واقعی استعمال کے قابل تھا یا اسے کسی حالیہ حملے میں استعمال کیا گیا۔ فی الحال یہ تصویر سوشل میڈیا پر بحث اور دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہے۔







