ایران کا امریکا کو سخت انتباہ، پاور پلانٹس پر حملے کی صورت میں بھرپور جواب کا اعلان
شیعیت نیوز: ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی پاور پلانٹس کو نشانہ بنایا گیا تو وہ خطے میں توانائی کے انفراسٹرکچر اور امریکی شیئرز رکھنے والی ٹیلی کمیونیکیشن و انفارمیشن کمپنیوں پر حملے کرے گا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق فوجی ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایرانی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں کے جواب میں تہران سخت ردِعمل دے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کی خطے میں امریکی تنصیبات، اسرائیل میں فوجی اڈوں پر میزائلوں اور ڈرونز کی بارش
بیان میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ امریکی حملوں کی صورت میں خطے کی اہم توانائی کی تنصیبات اور انفارمیشن و ٹیلی کام کمپنیاں ایرانی کارروائی کا ہدف بن سکتی ہیں، خصوصاً وہ ادارے جن میں امریکی مفادات شامل ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگلے اہداف پل اور پھر پاور پلانٹس ہو سکتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے گزشتہ شب ایران کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی نئی دھمکی دی ہے۔
اپنے سوشل میڈیا بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ امریکی فوج، جو دنیا کی طاقتور ترین افواج میں شمار ہوتی ہے، نے ابھی تک ایران میں موجود اہداف کو مکمل طور پر نشانہ نہیں بنایا، اگلا ہدف پل ہوں گے اور اس کے بعد پاور پلانٹس کو نشانہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی قیادت جانتی ہے کہ کیا کرنا ہے اور یہ فوری طور پر کرنا ہوگا۔







