ایڈمرل علیرضا تنگسیری کی شہادت، پاسدارانِ انقلاب کا باضابطہ بیان جاری
شیعیت نیوز : ایران کی سپاہ پاسدارانِ انقلاب اسلامی نے نیوی کے کمانڈر، ایڈمرل سردار علیرضا تنگسیری کی شہادت پر ایک باضابطہ بیان جاری کیا ہے۔
بیان کے مطابق علیرضا تنگسیری کو راہِ خدا کے مجاہد اور بڑے قومی ہیرو کے طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے، جنہوں نے تقریباً پچاس سال تک مسلسل جدوجہد کی اور بالآخر اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کا مرتبہ حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیں : رہبر معظم کا عراقی علما اور عوام کے مؤقف پر اظہارِ تشکر
سپاہ پاسدارانِ انقلاب اسلامی کے مطابق تنگسیری دشمن کے خلاف اہم کارروائیوں کے بعد، جن میں دشمن کی تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچانا اور ایک امریکی جنگی طیارے کو گرانا شامل ہے، محاذ پر موجود تھے۔ وہ اس دوران افواج کی تنظیمِ نو اور ساحلی و جزیرہ جاتی دفاع کو مضبوط بنانے میں مصروف تھے کہ شدید زخمی ہونے کے باعث جانبر نہ ہو سکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی قوم شہادتوں سے مانوس ہے اور اس طرح کے نقصانات اس کے عزم کو کمزور نہیں کرتے بلکہ مزید مضبوط بناتے ہیں۔ سپاہ پاسدارانِ انقلاب اسلامی نے زور دیا کہ ماضی کی طرح اب بھی ان کے کمانڈرز اور اہلکار پوری قوت کے ساتھ اپنے مشن کو جاری رکھیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ نیول فورس کے کمانڈر کی عدم موجودگی کے باوجود آبنائے ہرمز میں اپنی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہیں اور مستقبل میں مزید حیران کن نتائج سامنے آئیں گے۔
بیان کے آخر میں سپاہ پاسداران نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ حسینی خامنہ ای، ایرانی قوم اور مسلح افواج کے اہلکاروں کو تعزیت اور مبارکباد پیش کرتے ہوئے عہد کیا کہ وہ اپنے مشن کو جاری رکھیں گے۔







