شہیدِ رہبرِ معظم سید علی خامنہ ایؒ کی سیرت النّبیؐ پر ایک کتاب
شیعیت نیوز : اسلام آباد: معروف تجزیہ کار ڈاکٹر نذر حافی نے اپنی تازہ تحریر میں سیرتِ نبویؐ پر مبنی اہم کتاب “پیغمبرِ رحمت ﷺ” کو قارئین کے لیے نہایت مفید اور فکر انگیز قرار دیا ہے۔
اپنے تبصرے میں انہوں نے کہا کہ خوش قسمت وہ انسان ہے جو اچھی کتابوں کو اپنا دوست بنا لے، اور “پیغمبرِ رحمت ﷺ” اسی نوعیت کی ایک منفرد تصنیف ہے جو قاری کو روحانیت، تاریخ اور تہذیب کے حسین امتزاج سے روشناس کراتی ہے۔ یہ کتاب رہبرِ معظم سید علی خامنہ ای کے خطابات و بیانات پر مشتمل ہے، جس میں سیرتِ طیبہؐ کو ایک جامع اور منظم انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر نذر حافی کے مطابق کتاب کا اردو ترجمہ حجۃ الاسلام مولانا حسنین عباس گردیزی نے نہایت سادہ اور رواں انداز میں کیا ہے، جس کے باعث یہ عام قاری کے لیے بھی قابلِ فہم ہو گئی ہے۔ کتاب کے ابتدائی ابواب میں حضور نبی اکرم ﷺ کے نسب، ولادت اور خانوادۂ نبویؐ کا تذکرہ دل میں محبتِ رسول ﷺ کو اجاگر کرتا ہے، جبکہ بعثت اور جزیرۃ العرب کے حالات کا بیان قاری کو تاریخی شعور فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : استحکام پاکستان کانفرنس، قومی اتحاد اور یکجہتی پر زور
تبصرے میں مزید کہا گیا کہ مکی و مدنی زندگی کے ابواب انسان کو صبر، استقامت اور مشکلات میں کامیابی کے اصول سکھاتے ہیں۔ یہ کتاب نہ صرف سیرتِ نبویؐ کا مطالعہ ہے بلکہ ایک مکمل نظامِ حیات کی رہنمائی بھی فراہم کرتی ہے، جس کے ذریعے انسان اپنی عملی زندگی کو سنوار سکتا ہے۔
ڈاکٹر نذر حافی کا کہنا تھا کہ کتاب میں ختمِ نبوت کے عقیدے کو ایک زندہ شعور کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جو قاری کو اپنی زندگی کو سیرتِ رسول ﷺ کے مطابق ڈھالنے کی ترغیب دیتا ہے۔ سیرت و اخلاق کے ابواب میں نبی اکرم ﷺ کی ذاتی اور اجتماعی زندگی کا ایسا جامع خاکہ پیش کیا گیا ہے جو موجودہ دور میں بھی مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ “پیغمبرِ رحمت ﷺ” نہ صرف عشقِ رسول ﷺ کو اجاگر کرتی ہے بلکہ فکری بیداری اور امت سازی کے اصول بھی واضح کرتی ہے۔ یہ کتاب ہر اس شخص کے لیے ناگزیر ہے جو سیرتِ نبویؐ کو سمجھ کر اپنی زندگی میں نافذ کرنا چاہتا ہے۔
آخر میں بتایا گیا کہ یہ کتاب محدود تعداد میں جامعۃ الرضا اسلام آباد کے بک اسٹال پر دستیاب ہے اور بذریعہ ڈاک بھی منگوائی جا سکتی ہے۔







