ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے، خاتمہ کوئی آپشن نہیں، مذاکرات ہی واحد حل ہے، قطر
شیعیت نیوز : قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ ایران خطے میں ایک اہم پڑوسی ملک ہے اور متحارب فریقوں کے درمیان مسائل کے حل کے لیے سفارتی راستے نکالنا ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قطر کا مؤقف واضح ہے اور وہ ہمیشہ سفارتی طریقوں سے جنگ کے خاتمے پر زور دیتا ہے، جبکہ ہر اس کوشش کی حمایت کی جاتی ہے جو تنازع کے پرامن حل کی طرف لے جائے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشتگردوں کی کارروائی ناکام
ترجمان کے مطابق قطر نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کا حل صرف مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ماجد الانصاری نے کہا کہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے رسمی اور غیر رسمی سفارتی راستوں کی حمایت کرتا ہے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے بات چیت ہی واحد مؤثر ذریعہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ قطر اس وقت امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان کسی براہِ راست ثالثی عمل کا حصہ نہیں ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی عملی کوشش کی جا رہی ہے۔
مزید کہا گیا کہ ایران کی مکمل تباہی کسی صورت قابل قبول آپشن نہیں، کیونکہ خطے کے ممالک ہمسایہ ہیں اور بقائے باہمی کی بنیاد پر ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کا راستہ نکالنا ہوگا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق قطر کا یہ مؤقف ظاہر کرتا ہے کہ خلیجی ممالک بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود جنگ کے پھیلاؤ سے بچنے اور سفارتی حل کو ترجیح دینے کے خواہاں ہیں۔







