یوم پاکستان قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے: یار محمد
شیعیت نیوز : نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن اس عظیم جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جب جنوبی ایشیا کے مسلمانوں نے غلامی کی زنجیریں توڑ کر ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا۔ اقبال پارک لاہور میں 23 مارچ 1940ء کو مسلم لیگ کے اجلاس میں قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے تاریخ ساز قرارداد منظور کی جو بعد میں قراردادِ پاکستان کے نام سے مشہور ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے دیے ہوئے اتحاد، ایمان اور تنظیم اور علامہ اقبال کے تصورِ پاکستان کے اصولوں پر من و عن عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ پاکستان کا قیام جہاں جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور مسلمانوں کی علیحدہ تشخص کی ضمانت تھا، وہاں ان لوگوں کے لیے امید کی کرن بھی تھا جنہیں متحدہ ہندوستان میں مذہبی آزادی اور ترقی کے مساوی مواقع سے محروم رکھا گیا اور ان کے مذہبی و تہذیبی تشخص کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : شیعہ علماء کونسل پنجاب کا خانہ فرہنگ ایران کا دورہ، شہادت پر اظہارِ افسوس
نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس جدوجہد کے نتیجے میں 14 اگست 1947ء کو دنیا کے نقشے پر پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے اور اندرونی و بیرونی سازشوں اور دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے لیے افواجِ پاکستان، سیکیورٹی اداروں بشمول پولیس اور عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں جن کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی سازشوں اور ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پاکستان کے عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ ہم نے مل کر پاکستان کو ایک ایسی فلاحی اور جدید ریاست بنانا ہے جس میں تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں، امن قائم ہو اور روشن مستقبل کی نوید ہو۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ تابندہ و آباد رکھے اور اسے عظیم ملکوں کی صف میں شامل فرمائے۔ آمین۔







