اسلامی ممالک کو متحد ہو کر چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا: علامہ راغب نعیمی

23 مارچ, 2026 09:54

شیعیت نیوز : چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی حالات میں اسلامی ممالک کو عالمِ کفر کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔ علماء اور مسلم رہنماء امت کے اتحاد، بھائی چارے اور یکجہتی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز کی سلامتی کے تحفظ کے لیے پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عیدالفطر سے ہمیں ایثار، اتحاد اور خدمتِ خلق کا درس ملتا ہے، اور ضرورت مندوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہمارا دینی فریضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج مسلم دنیا کو سیاسی، معاشی اور دفاعی چیلنجز کا سامنا ہے، اور ان سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ اسلامی ممالک اپنے اختلافات ختم کرکے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں۔ مسلم حکمرانوں کو باہمی تعاون، تجارت، تعلیم، سائنس اور دفاع کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے چاہئیں تاکہ اسلامی دنیا ایک مضبوط بلاک کی صورت میں سامنے آئے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران جنگ سے امریکا کو کچھ حاصل نہیں ہوا، عالمی بحران بڑھ گیا: مشاہد حسین سید

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے آپریشن "غضب للحق” کی کامیابی پر افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ایک بار پھر پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قومی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن "غضب للحق” اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری طاقت رکھتا ہے۔

علماء کرام و مشائخ عظام اور پوری قوم ملکی سلامتی، استحکام اور افواجِ پاکستان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے لیکن اگر اس کی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا تو پوری قوم متحد ہو کر اپنے وطن کا دفاع کرے گی۔ انہوں نے غزہ، فلسطین اور ایران کے مسلمانوں کے لیے بھی دعا کرائی، جبکہ ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا مانگی گئی۔

11:36 صبح مارچ 23, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔