ایران جنگ سے امریکا کو کچھ حاصل نہیں ہوا، عالمی بحران بڑھ گیا: مشاہد حسین سید
شیعیت نیوز : سینئر سیاستدان مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ سے امریکا کو کچھ حاصل نہیں ہوا، بلکہ اس کے نتیجے میں عالمی اقتصادی اور توانائی بحران میں اضافہ ہوا ہے۔
خصوصی گفتگو میں مشاہد حسین سید نے کہا کہ تلسی گبارڈ پاکستان سے متعلق جھوٹ بول رہی ہیں، جبکہ نیتن یاہو نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بلیک میل کرکے اس صورتحال میں پھنسا دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اس بات پر خوش ہے کہ ایران نے جنگ کو مؤثر انداز میں ہینڈل کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو روکنے کے لیے مسلم امہ کو متحد ہونا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کے عوام کا مؤقف واضح ہے، تاہم حکمران خوف کا شکار ہیں۔ او آئی سی کا جاری ہونے والا اعلامیہ پوری مسلم امہ کی نمائندگی نہیں کرتا بلکہ چند اسلامی ممالک تک محدود ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا، اسرائیل ہنگامی اجلاس بلانے پر مجبور
مشاہد حسین سید نے کہا کہ ایران کا مؤقف ہے کہ خلیجی ممالک کی سرزمین اس کے خلاف استعمال نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا روس کو کمزور کرنے کے لیے یوکرین کی مدد کر رہا ہے، جبکہ اگر روس اور چین ایران کی مدد کر رہے ہیں تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔







