آبنائے ہرمز میں بھارت جانے والے تجارتی جہاز پر حملہ، ایران کا ممکنہ سخت پیغام قرار
شیعیت نیوز : ایران اسرائیل جنگ میں بھارت کی دوغلی پالیسی پر ایران کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے، آبنائے ہرمز میں بھارت جانے والے تجارتی جہاز کو نشانہ بنائے جانے کے واقعے کو ایران کے ممکنہ ردعمل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق تھائی لینڈ کے مال بردار جہاز ’مایوری ناری‘ کو اہم سمندری گزرگاہ آبنائے ہرمز میں ایک پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا۔ اس جہاز پر بھارت کے شہر گجرات کے لیے سامان لے جایا جا رہا تھا۔
رپورٹس کے مطابق جہاز کو عمان کے شمال میں تقریباً 11 ناٹیکل میل کے فاصلے پر آبنائے ہرمز کے قریب پروجیکٹائل یا میزائل نما اشیاء سے نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے کے بعد جہاز کو نقصان پہنچا اور عملے کے افراد کو فوری مدد کی ضرورت پیش آئی۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جنگی لباس میں محمد بن سلمان سے ملاقات، غیر معمولی اہمیت کی حامل قرار
رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی اور اس کے انجن روم کو شدید نقصان پہنچا تاہم عملے کے کئی ارکان کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
تھائی حکام کے مطابق عمان کی بحریہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جہاز کے 20 عملے کے ارکان کو بحفاظت نکال لیا ہے، تاہم تین افراد اب بھی لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب بحری جہاز پر حملہ ہونے کے بعد بھارت نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی حکومت کے مطابق تھائی لینڈ کے پرچم بردار کارگو جہاز کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ متحدہ عرب امارات سے بھارت کی بندرگاہ کاندلہ کی جانب جا رہا تھا۔
بھارتی وزارتِ خارجہ نے بدھ کے روز جاری بیان میں کہا کہ ’مایوری ناری‘ نامی مال بردار جہاز پر حملے کی خبر پر گہری تشویش ہے۔
وزارت کے مطابق یہ جہاز تھائی لینڈ کی کمپنی پریشس شپنگ پبلک کمپنی لمیٹڈ کی ملکیت تھا اور یہ متحدہ عرب امارات کے خلیفہ پورٹ سے روانہ ہو کر بھارت کی ریاست گجرات کی بندرگاہ کاندلہ جا رہا تھا۔
بھارتی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت ہے اور اس طرح کے حملے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔
وزارت کے مطابق ماضی میں ہونے والے اسی نوعیت کے حملوں میں کئی افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں کچھ بھارتی شہری بھی شامل تھے۔
اگرچہ بھارتی حکام نے حملے کی ذمہ داری کسی پر عائد نہیں کی، تاہم ایران کی پاسدارانِ انقلاب سے منسوب ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ جہاز نے آبنائے ہرمز سے گزرنے کے دوران دی گئی وارننگ کو نظر انداز کیا تھا۔
برطانیہ کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ادارے کے مطابق بدھ کے روز آبنائے ہرمز میں پیش آنے والے ایک بڑے واقعے کے دوران مجموعی طور پر تین تجارتی جہازوں کو مختلف پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا۔ ان میں سے دو جہازوں کو معمولی نقصان پہنچا جبکہ ان کے عملے کے افراد محفوظ رہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران بھارت کی اس پالیسی سے ناراض ہے جس میں وہ بیک وقت ایران کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنے کا دعویٰ کرتا ہے جب کہ عملی طور پر اسرائیل کے قریب سمجھا جاتا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران حالیہ بعض اقدامات کو اپنے خلاف بھارتی صف بندی کا حصہ سمجھ رہا ہے، اسی لیے بھارت جانے والے تجارتی جہاز کو نشانہ بنانے کو ایک سخت پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔







