ایران ہرگز نہیں جھکے گا، غیر مشروط تسلیم کا خواب ہمیشہ کے لیے دفن ہوجائے گا، پزشکیان
شیعیت نیوز: ایرانی صدر پزشکیان نے قوم سے ٹیلی ویژن پر خطاب میں شہادتوں پر تعزیت، عوامی اتحاد اور ملکی دفاع جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران دشمنوں کے سامنے کبھی ہتھیار نہیں ڈالے گا۔ دشمن یہ خواب اپنے ساتھ قبر میں لے جائے گا۔
ٹی وی پر قوم سے خطاب میں انہوں نے زور دیا کہ ایران بین الاقوامی قوانین، انسانی اصولوں اور اخلاقی ضابطوں کا پابند ہے۔
اپنے خطاب میں صدر پزشکیان نے آیت اللہ سید علی حسینی خامنہای، فوجی کمانڈروں اور معصوم طلباء کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ آزادی اور انسانیت کے دعویداروں نے بے گناہ بچوں کو نشانہ بنایا۔ دشمن اس حد تک آگے بڑھ چکا ہے کہ اسپتالوں اور اسکولوں جیسے غیر فوجی مراکز پر بھی حملوں سے گریز نہیں کرتا۔
یہ بھی پڑھیں : ضمنی انتخاب ،کالعدم سپاہ لشکرجھنگوی اور پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار شفیق مینگل کے کاغذات نامزدگی منظور، باقی سب کے مسترد
انہوں نے ایرانی عوام کی استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام مشکلات کے باوجود لوگ ہر رات میدان میں موجود رہتے ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے کھڑے ہیں۔ ان کے بقول ایران میں رہنے والا ہر شخص، چاہے اس کا مذہب یا ظاہری شناخت کچھ بھی ہو، ملک کی سرزمین اور قومی خودمختاری کے دفاع میں شریک ہے اور یہی اتحاد دشمنوں کو مایوس کررہا ہے۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ اختلافات کے باوجود آج تمام ایرانیوں کو ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر اپنے وطن کے دفاع کے لیے متحد ہونا چاہیے۔ قوم اس بحران سے سربلند ہوکر نکلنے کے لیے پرعزم ہے اور ایران کی حفاظت کے لیے آخری حد تک کھڑی رہے گی۔
ایرانی صدر نے ان ہمسایہ ممالک سے ذاتی طور پر معذرت بھی کی جن پر ایران سے کچھ حملے ہوئے، اور وضاحت کی کہ دشمن کی جارحیت میں رہبر معظم اور اعلی کمانڈروں کی شہادت کے بعد سیکورٹی فورسز نے ہنگامی حالات میں فوری دفاعی اقدامات کیے۔







