آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت ، پاکستانی شوبز انڈسٹری بھی غم سے نڈھال

03 مارچ, 2026 02:00

شیعیت نیوز: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات نے امریکا و اسرائیل کے مشترکہ میزائل حملے میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی 86 برس کی عمر میں شہادت پر دنیا بھر میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ شوبز سے وابستہ شخصیات نے بھی ان کی شہادت کو بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

پاکستانی فنکاروں اعجاز، مشی خان، ایمن خان، منال خان،ثمر جعفری، نادیہ خان، مایا علی، مدیحہ رضوی ، خالد انعم ،بلال عباس خان،خاقان شاہنواز، الیزا سلطان خان،ملک عقیل، عمران عباس اور ڈرامہ سیریل جمع تقسیم کے ہیرو طلحہ چہورسمیت دیگر نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تعزیتی پیغامات شیئر کیے۔

نادیہ خان نے اپنی رمضان ٹرانسمیشن میں گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسلمانوں کیلئے ایک مشکل وقت ہے جو متحد نہیں ہیں اور اس کی بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم دنیا میں جنگ کا منظر برداشت سے باہر ہے، یہ امتِ مسلمہ کیلئے بہت بڑا دھچکا ہے کیونکہ آیت اللہ شہید ہوگئے ہیں۔ اداکارہ مشی خان نے انسٹاگرام پرشیئر کیے گئے ویڈیو پیغام میں آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی شہادت پر روتے ہوئے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا، جبکہ پس منظر میں سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا بیان بھی چل رہا تھا۔

اداکارہ مشی خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دنیا کے سب سے معتبر شخص کو مار ڈالا، تاریخ کبھی فرموش نہیں کرے گی کہ کیسے 86 سالہ شخص تنہا شیطانی طاقتوں کے سامنے ڈٹا رہا، ہتھیار ڈالنے کے بجائے جامِ شہادت نوش کیا۔

اداکارہ مایا علی نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’ہیروز کبھی مرتے نہیں، وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہتے ہیں، وہ سچے رہنما تھے جو اپنے دشمن کے خلاف اپنی پوری طاقت سے کھڑے رہے‘۔

گلوکار ثمر جعفری نے لکھا ’آج آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت نے مجھے میرے اس سوال کا جواب دے دیا، جو میرے ذہن میں برسوں سے تھا کہ کوئی حضرت امام حسینؑ کی مدد کیلئے آگے نہیں آیا، جب انہیں سب سے زیادہ مدد کی ضرورت تھی۔

واضح رہے کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای 1939ء میں ایران کے شہر مشہد میں ایک مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے، انہوں نے مشہد مقدس اور قم المقدسہ کے دینی مدارس میں تعلیم حاصل کی، جہاں وہ بانی انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام سید روح اللہ خمینی کے ہمراہ انقلابی سرگرمیوں میں شامل ہوئے۔

گزشتہ شب آیت اللہ سید علی خامنہ ای 86 برس کی عمر میں اپنے دفتر پر امریکی اسرائیلی مشترکہ فضائی حملے کے نتیجے میں شہید ہوگئے، دنیا بھر سمیت پاکستان میں بھی اس عظیم نقصان پر سوگ منایا جا رہا ہے۔

 

1:29 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top