12 اپریل کو غزہ کے لیے مشترکہ بحری قافلہ: فریڈم اور صمود فلوٹیلا کا بڑا اعلان، 100 سے زائد کشتیاں متوقع
شیعیت نیوز : فریڈم فلوٹیلا اور صمود فلوٹیلا نے اعلان کیا ہے کہ وہ 12 اپریل کو بحیرہ روم کے راستے غزہ کی پٹی کی جانب مشترکہ طور پر روانہ ہونے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس مجوزہ اقدام میں 100 سے زائد چھوٹی بڑی کشتیوں کی شرکت متوقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ سمندری اقدام غزہ کے خلاف جاری محاصرے کے خلاف عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مزاحمت کا حصہ ہے۔ دونوں فلوٹیلا نے اس بار انفرادی اقدامات کے بجائے متحد اور منظم انداز میں پیش قدمی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ امدادی اور احتجاجی سرگرمیوں کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور میں بڑا دہشت گردی کا الرٹ جاری: فتنۃ الخوارج کا کمانڈر آصف عمر 3 خودکش بمباروں سمیت شہر میں داخل
یاد رہے کہ ماضی میں بھی یہ بحری قافلے الگ الگ غزہ کی جانب روانہ ہو چکے ہیں، تاہم انہیں اسرائیلی افواج کی جانب سے سخت رکاوٹوں اور کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ زیادہ بڑی اور مربوط شرکت کے ذریعے عالمی توجہ کو ایک بار پھر غزہ کی صورتحال کی طرف مبذول کرایا جائے گا۔ یہ اقدام غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت، انسانی امداد کی ترسیل اور اسرائیلی ناکہ بندی کے خلاف عالمی آواز بلند کرنے کا ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔







