کراچی شاہ لطیف ٹاؤن میں سی ٹی ڈی آپریشن: کالعدم سپاہ صحابہ کے چار دہشتگرد ہلاک، بھاری اسلحہ برآمد
شیعیت نیوز : کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں محکمہ انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور کالعدم سپاہ صحابہ سے تعلق رکھنے والے مبینہ دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی حکام کے مطابق چار دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والوں میں جلیل عرف فرید، نیاز عرف کنگ اور حمدان شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے جبکہ چند ملزمان فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کردی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر سے بارودی مواد، پانچ ہینڈ گرنیڈ، ایک ایس ایم جی، کلاشنکوف، ڈیٹونیٹرز، ڈیٹونیٹنگ وائر اور سرکٹ برآمد کیے گئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے برآمد ہونے والے مواد کو ناکارہ بنا دیا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ ماہ بارودی مواد کے ساتھ گرفتار دہشتگردوں سے تفتیش کے دوران ملنے والی معلومات پر شاہ لطیف میں چھاپہ مارا گیا۔ چھاپے کے دوران گھر میں موجود ملزمان نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک دہشتگرد موقع پر مارا گیا جبکہ زخمی تین ملزمان ہسپتال پہنچنے سے قبل دم توڑ گئے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں کالعدم سپاہ صحابہ کے تین خطرناک دہشتگرد گرفتار
دوسری جانب تھانہ سچل کی حدود میں وکیل سوسائٹی کے قریب پولیس اور چار رکنی ڈکیت گینگ کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا۔ پولیس حکام کے مطابق مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان کام پر جانے والے شہریوں سے لوٹ مار کرکے فرار ہو رہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس بروقت موقع پر پہنچ گئی۔ ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق مقابلے کے نتیجے میں دو زخمی سمیت چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے چار پستول بمعہ ایمونیشن اور چھینے گئے موبائل فونز برآمد ہوئے جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی دونوں موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔ زخمی ملزمان کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ضابطے کی کارروائی جاری ہے اور ملزمان کی شناخت کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔







